تازہ ترین

کراچی کو ایک ضلع کی حیثیت ملنی چاہیے,میئر

کراچی-کو-ایک-ضلع-کی-حیثیت-ملنی-چاہیے,میئر

مسائل ایک چھت تلے حل ہوسکیں گے ،شہر کے مختلف انتظامی و بلدیاتی اداروں کی تقسیم در تقسیم کے باعث شہریوں کا نقصان ہو رہا ہے ،وسیم اخترکا تعمیراتی کام کا معائنہشہر کو نظر انداز کرکے تباہی کے دہانے پر کھڑا کردیا گیا ، وفاق کی جانب سے فنڈزملنے پر اندرونی انفرااسٹرکچر کو مزیدبہتربنائیں گے ،مسائل کے حل کیلئے کوششیں کررہے ہیں کراچی : میئر وسیم اختر نے کہا ہے کہ شہر کے مختلف انتظامی و بلدیاتی اداروں کی تقسیم در تقسیم کے باعث شہریوں کا نقصان ہو رہا ہے ، کراچی کو ایک ضلع کی حیثیت ملنی چاہئے تاکہ مسائل ایک چھت تلے حل ہوسکیں، اندرونی سڑکوں کی تعمیر اہم ضرورت ہے جس کی جانب خصوصی توجہ دی جا رہی ہے ، وفاقی حکومت سے فنڈز ملنے پر اندرونی انفر ااسٹرکچر کو مزید بہتر بنانے پر کام کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو ضلع غربی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن یوسی 33- میں جنگل اسکول تا گلشن غازی موڑ تک ایک کروڑ چالیس لاکھ روپے کی لاگت سے 15ہزار اسکوائر فٹ تعمیر کی گئی سڑک کے افتتاح کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر بلدیہ غربی کے چیئرمین اظہار احمد خان، سٹی کونسل میں پارلیمانی لیڈر اسلم شاہ آفریدی، چیئرمین ورکس کمیٹی حسن نقوی، یوسی چیئرمین، دیگر منتخب نمائندے اور افسران بھی موجود تھے ۔ میئر نے کہا کہ کراچی کے شہری باشعور ہیں وہ سب جانتے ہیں کہ شہر کو کس طرح نظر انداز کرکے تباہی کے دہانے پر کھڑا کردیا گیا ہے ، ہمیں ترقیاتی کاموں کے لئے فنڈز فراہم نہیں کئے جا رہے ہیں جس کے باعث شدید مشکلات کا سامنا ہے مگر موجودہ بلدیاتی قیادت کی جانب سے شہریوں کے مسائل کے حل کے لئے کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے مختلف علاقوں میں عوامی مسائل کے حل کے لئے ترقیاتی کام جاری ہیں ہم نے وسائل کی کمی کو عذر نہیں بنایا اور جتنے بھی فنڈز دستیاب ہوئے انہی کاموں پر خرچ ہو رہے ہیں، منتخب بلدیاتی نمائندوں کا اپنے حلقے کی عوام کے ساتھ قریبی رابطہ ہے اور ان کی مشاورت اور رہنمائی سے ترقیاتی منصوبے بنائے جاتے ہیں تاکہ ان کاموں کے ثمرات زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کی امیدیں بلدیاتی نمائندوں سے وابستہ ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ ان کے علاقے کے مسائل جلد از جلد حل ہوں، خود ہماری بھی یہ کوشش ہے کہ لوگوں کی توقعات کے مطابق کام ہوں اور انہیں ہرممکن بہتر بلدیاتی سہولیات میسر آئیں، دنیا بھر میں ایسے شہروں پر خاص توجہ دی جاتی ہے اور ان کی ترقی کے لئے خصوصی پلان ترتیب دیے جاتے ہیں لہٰذا کراچی شہر کا بھی یہ حق ہے کہ اس کی ترقی و خوشحالی کے لئے خصوصی منصوبہ سازی کی جائے۔

زیادہ پڑھی جانےوالی خبریں