کراچی میں کرونا وائرس کا ایک اور کیس سامنے آگیا جس کی صوبائی حکومت نے بھی تصدیق کردی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ کی زیرصدارت کرونا وائرس ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا جس میں کرونا وائرس کا ایک اور کیس سامنے آنے کی تصدیق کی گئی۔ وزیراعلیٰ کے ترجمان کے مطابق آج کرونا وائرس کے 4 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے تین کے منفی جبکہ ایک کا مثبت نتیجہ آیا، مریض کا تعلق کراچی سے ہے۔ وزیراعلیٰ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ 50سالہ شخص میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی اور متاثرہ شخص کو آغا خان اسپتال کے آئسولیشن وارڈ میں شفٹ کر دیا گیا ہے محکمہ صحت سندھ کے مطابق متاثرہ شخص حال ہی میں ایران سے سفر کرکے واپس پاکستان آیا تھا، پاکستان واپسی پر اس کی طبیعت خراب ہونے پر اسے ہسپتال لایا گیا جہاں ٹیسٹ کے دوران اس میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوگئی۔ وزیراعلیٰ کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ کراچی سے سامنے آنے والا کرونا وائرس کا یہ چوتھا کیس ہے ، جس کے بعد پاکستان میں کیسز کی مجموعی تعداد 7 ہوگئی ہے، کراچی سے ہی تعلق رکھنے والے ایک مریض کو ہسپتال سے ڈسچارج کیا جاچکا ہے جس کی وجہ سے پاکستان میں ایکٹو کیسز کی تعداد 6 ہے۔ اجلاس میں حکام نے بریفنگ دی کہ محکمہ صحت نے 107 افراد کے نمونے حاصل کر کے اُن کے ٹیسٹ کیے، جن میں سے 4 کی رپورٹس مثبت آئیں جبکہ ایک مریض صحت یاب ہوکر گزشتہ روز گھر منتقل ہوگیا ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کرونا وائرس کی تصدیق ہونے والے شخص کے قریبی اور رابطے میں رہنے والوں کی اسکرینگ کرنے کی ہدایت کی۔ یاد رہے گزشتہ روز پاکستان میں کروناوائرس کے پہلے مریض کو صحتیابی کے بعد اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق22 سالہ نوجوان یحییٰ جعفری اسپتال سے ڈسچارج ہو کر رشتہ داروں کے گھر شفٹ ہو گئے، یحییٰ جعفری کچھ دنوں تک رشتہ داروں کے گھر قیام کریں گے۔ ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے مریض کے صحت یاب ہونے سے متعلق اعلان کرتے ہوئے کہا تھا بہت خوشی ہےسندھ میں کرونا وائرس کا پہلا مریض صحتیاب ہوا، علاج کےبعد مریض کا کرونا ٹیسٹ منفی آیا ہے، نوجوان کو جلد اسپتال سے ڈسچارج کیا جائے گا۔