کراچی میں آج بھی موسلادھار بارش کی پیشگوئی، ژالہ باری کا بھی امکان
شائع شدہ تاریخ 19 مارچ, 2026
محکمہ موسمیات کا کہنا ہےکہ کراچی میں آج دوپہر کے بعد بارش کا امکان ہے، تیزہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ کہیں کہیں موسلا دھار بارش ہوسکتی ہے، محکمہ موسمیات نے چند مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ظاہر کیا ہے۔
عید کے پہلے دن بھی ہلکی بارش کی توقع ہے، محکمہ موسمیات نے امکان ظاہر کیا کہ 24 سے27 مارچ کےدوران بھی مغربی ہواوں کا سلسلہ کراچی سمیت سندھ میں بارش کا سبب بن سکتاہے ۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز شہر میں کے مختلف علاقوں میں تیز آندھی کے ساتھ بارش کے باعث مختلف حادثات میں 19 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔
نارتھ ناظم آباد، نارتھ کراچی، سرجانی، ایف بی ایریا، صدر اور کلفٹن سمیت مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کےساتھ بارش ہو ئی۔کینٹ، ریلوے کالونی، دہلی کالونی، گلشن اقبال، گلشن جمال اور گارڈن میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شارع فیصل پر ہوا کی رفتار 90 کلو میٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی جبکہ ماڑی پور میں ہوا کی رفتار 97 کلو میٹر فی گھنٹہ ریکارڈ ہوئی۔