تازہ ترین

کراچی سمیت سندھ بھرمیں پبلک ٹرانسپورٹ چلناشروع،ایس اوپیزپرجزوی عمل

کراچی-سمیت-سندھ-بھرمیں-پبلک-ٹرانسپورٹ-چلناشروع،ایس-اوپیزپرجزوی-عمل

کراچی سميت سندھ کے ديگر شہروں ميں آج 3 جون سے پبلک ٹرانسپورٹ چلنا شروع ہوگئی ہے، تاہم کچھ جگہوں پر بس ڈرائیورز، کنڈیکٹرز اور مسافر حکومتی ایس او پیز پر جزوی عمل کرتے نظر آئے۔ حکومت سندھ کی جانب سے پبلک ٹرانسپورٹ کیلئے ہدایت دی گئی ہے کہ بسوں ميں گنجائش سے آدھے مسافر بٹھائے جائیں، جب کہ آن لائن ٹيکسی سروس ميں صرف 2 مسافروں کو سفر کی اجازت ہوگی، تاہم ایمرجنسی کی صورت میں 3 مسافروں کو بیٹھنے کی اجازت ہوگی۔ سفر کرنے والے تمام افراد کیلئے ماسک اور سینی ٹائیزر کی پابندی لازمی قرار دی گئی ہے۔ ٹرانسپورٹرز کی جانب سے ايس او پيز کی خلاف ورزی پر گاڑياں بند کر دی جائيں گی، جب کہ ایس او پیز پر عمل درآمد کیلئے مانیٹرنگ اور انسپکشن ٹیم بھی قائم کی گئی ہے۔ ڈھائی ماہ سے زائد عرصہ کے بعد پبلک ٹرانسپورٹ چلانے پر شہریوں نے ملے جلے تاثرات کا اظہار کیا ہے۔ واضح رہے کہ وزير ٹرانسپورٹ سندھ اويس قادر شاہ اور ٹرانسپورٹ اتحاد کے مابین طویل مذاکرات کے بعد 2 جون کو کراچی سمیت سندھ بھر کے ٹرانسپورٹ کو سڑکوں پر لانے کی اجازت دی گئی، تاہم اس سلسلے میں ایس او پیز پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔

زیادہ پڑھی جانےوالی خبریں