جامعہ کراچی میں خودکش دھماکے کی تحقیقات کے سلسلے میں قانون نافذ کرنيوالے اداروں نے بلوچستان میں خاتون خودکش حملہ آور کے گھر پر چھاپہ مارا ہے۔ مذکورہ گھر سے ایک شخص کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ اس سے قبل گزشتہ روز ہونے والے خودکش حملے کا مقدمہ 26 گھنٹے بعد سرکار کے مدعیت میں درج کرلیا گیا ہے۔ ایف آئی آر میں کالعدم تنظیم کے 2کمانڈرز اور ترجمان نامزد ہیں جبکہ مقدمے میں انسداد دہشت گردی کی دفعات شامل کرلیے گئے ہیں۔ خودکش حملے کا مقدمہ سی ٹی ڈی سول لائنز میں سرکار کی مدعیت درج کیا گیا ہے۔ دوسری جانب جامعہ کراچی میں چینی اساتذہ پر خودکش حملے کی تحقیقات میں پیشرفت ہوئی ہے۔ تفتیشی حکام کے مطابق خودکش بمبارکے شوہر کی شناخت حیبتان بشیر کے نام سے ہوئی، دہشتگرد خاتون6ماہ سے خاندان کے ساتھ کراچی میں رہائش پذیر تھی۔ خاتون کئی ہفتےگلستان جوہراورآخری ہفتےنجی ہوٹل میں رہی۔ ذرائع کے مطابق خاتون کو لانے والے رکشہ ڈرائیور کو بھی حراست میں لے لیا گیا، خاتون دہشتگرد مسکن چورنگی سے رکشے میں سوار ہوئی تاہم سی سی ٹی وی وڈیو میں نظرآنے والی دوسری خاتون کاپتہ نہ چل سکا۔ آج میڈیا سے گفتگو میں وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ کراچی میں کل پیش آئے افسوسناک واقعے کی تحقیقات کا آغاز ہوچکا ہے۔ چینی سفارتخانے کو کراچی خوکش حملے میں چینی شہریوں کی ہلاکت کے واقعے کی تحقیقات جلد مکمل کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے۔ کراچی میں میڈیا سے گفتگو کے دوران خودکش بمبارخاتون کے شوہر کی گرفتاری سے متعلق سوال کے جواب میں وزیرداخلہ راناثناء اللہ کا کہنا تھا کہ مجرم جلد کٹہرے ميں ہونگے مگر معاملہ ابھی تحقيقات کے مراحل ہيں جو خفيہ ہوتے ہيں، رازوں کو تحقيقاتی اداروں کے پاس ہی رہنا چاہئے تاکہ تفتيش متاثرنہ ہو، ہم نے بھی اس قسم کا کوئی سوال سيکيورٹی اداروں سے نہيں کيا۔ واضح رہے کہ کراچی یونیورسٹی میں منگل 26 اپریل کی دوپہر خودکش دھماکے میں 3 چینی باشندوں سمیت 4 افراد جاں بحق اور متعدد افراد زخمی ہوئے تھے۔ کراچی میں واقع سندھ کی سب سے بڑی درسگاہ جامعہ کراچی کے شعبہ کنفیوشیئس کے دروازے کے قریب گاڑی پر برقع پوش خاتون نے خود کش حملہ کیا، جس میں 3 چینی اساتذہ اور ایک ڈرائیور جاں بحق ہوگیا۔ وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری کی چینی سفارت خانے آمد وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اسلام آباد میں چینی حکام سے چینی سفارتخانے میں ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں وزیرخارجہ نے کراچی حملے میں جانی نقصان پر چینی حکام سے اظہارافسوس کیا۔ وزیرمملکت برائے خارجہ حناربانی کھر بھی بلاول بھٹو کے ہمراہ وزیرمملکت موجود تھیں۔ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں نے پاک چین دوستی پرضرب لگانے کی ناکام کوشش کی، دہشتگردوں کے مذموم ارادے پاک چین دوستی کو سبوتاژ نہیں کرسکتے۔ حملہ کرنے والوں کو اس کی قیمت چکانی ہوگی،چینی وزارت خارجہ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کراچی یونی ورسٹی میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے میں مرنے والے چینیوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ حملے میں ملوث ملزمان کو یقیناً اس کی قیمت ادا کرنی پڑے گی۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے بدھ 27 اپریل کو جاری اپنے اہم بیان میں کہا ہے کہ کراچی یونی ورسٹی میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے میں مرنے والے چینیوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ حملے میں ملوث ملزمان کو یقیناً اس کی قیمت ادا کرنی پڑے گی۔ ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ منگل کو کراچی یونیورسٹی میں کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ کی مسافر وین میں دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں تین چینی اساتذہ ہلاک، ایک چینی استاد زخمی اور متعدد پاکستانی زخمی ہوئے۔ چین نے حملے کی شدید مذمت اور شہریوں کی ہلاکت پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دکھ کی اس گھڑی میں متاثرین کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔