تازہ ترین

کراچی جلسہ، عمران خان کی ریاست مخالف تقریر پر پابندی عائد

کراچی-جلسہ،-عمران-خان-کی-ریاست-مخالف-تقریر-پر-پابندی-عائد

کراچی: ضلعی انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف کو آج باغ جناح میں جلسے کی اجازت دیکر  چیئرمین عمران خان کے ریاست و مذہب سے متعلق بیانات پر پابندی لگادی ہے۔ پی ٹی آئی کو جلسے کے لیے این او سی ڈپٹی کمشنرایسٹ  نے جاری کیا، انتظامیہ کی جانب سے 20شرائط سے مشروط اجازت نامہ جاری کیا گیا۔ انتظامیہ کے مطابق پی ٹی آئی کو جلسہ رات 12 بجے تک نمٹانا ہوگا، جلسے میں ملکی نظریات، مذہب کے خلاف کوئی تقریر نہیں ہوگی۔ انتظامیہ کے مطابق جلسے میں اسلحہ کا استعمال ممنوع ہوگا، جلسے کی داخلی سیکورٹی آرگنائزر کی ذمہ داری ہوگی۔ڈپٹی کمشنر شرقی کے مطابق احکامات کی عدم پیروی کی صورت میں قانونی کارروائی کی جائیگی۔  جلسے کیلئے سابق وزیراعظم عمران خان آج شام چار بجے کراچی پہنچیں گے، ایئرپورٹ سے وہ سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل کی رہائش گاہ جائیں گے جس کے بعد وہ شوکت خانم کینسراسپتال کراچی کے لئے منعقدہ فنڈریزنگ افطار ڈنر میں شرکت کرینگے اور مختصر خطاب کرینگے۔ فنڈ ریزنگ تقریب کے بعد چیئرمین پاکستان تحریک انصاف جلسے میں شرکت کے لئے باغ جناح روانہ ہونگے ۔سابق وزیراعظم عمران خان 16 اپریل کی رات کراچی میں ہی قیام کرینگے، 17 اپریل کو اسلام آباد کے لئے روانہ ہونگے۔

زیادہ پڑھی جانےوالی خبریں