اسلام آباد: کابینہ ڈویژن نے ن لیگ کے صدر شہباز شریف کی بطور وزیر اعظم پاکستان تقرری کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا جبکہ نو منتخب وزیر اعظم کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز شہباز شریف نے ملک کے 23ویں وزیر اعظم کی حیثیت سے اپنے عہدے کا حلف اٹھایا۔ کابینہ ڈویژن نے ن لیگ کے صدر کی بطور وزیر اعظم تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ کابینہ ڈویژن کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے حلف اٹھانے کے بعد اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔ نو منتخب وزیر اعظم کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ شہباز شریف نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا۔ گزشتہ روز شہباز شریف سے حلف چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے لیا تھا۔ تقریبِ حلف برداری میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت اور سیاسی و عسکری حکام نے شرکت کی۔ نو منتخب وزیر اعظم کو مبارکباد بھی پیش کی گئی۔ پیر کے روز ن لیگی کارکنان نے شہر شہر شہباز شریف کو وزیر اعظم بنائے جانے کی خوشی میں جشن منایا۔ آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا۔ مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔ رہنماؤں اور ن لیگی کارکنان نے ڈھول کی تھاپ پر رقص بھی کیا۔