پنجاب کالونی میں زیرتعمیر اوور ہیڈ برج کا بھی معائنہ کیا، کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت کراچی: پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی جوائنٹ سیکرٹری اور ایم این اے آفتاب صدیقی نے ایڈمنسٹریٹر ڈی ایچ اے بریگیڈیئر ابرارحسین بھٹی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور ڈیفنس کلفٹن کے مسائل کے حل کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا، اس موقع پر رکن سندھ اسمبلی شہزاد قریشی اور سلیم قاضی بھی موجود تھے ۔ آفتاب صدیقی نے ڈی ایچ ای ایڈمنسٹریشن کے زیر انتظام ڈی سیلینیشن پلانٹ، سیف سٹی کیمروں کی تنصیب، زیر زمین کیبلز اور کے الیکٹرک پولز میں ارتھ کے حوالے سے جاری منصوبوں سے متعلق سوالات کیا جس پر ایڈمنسٹریٹر ڈی ایچ اے نے انہیں کام کی پیش رفت سے آگا ہ کیا۔ آفتاب صدیقی نے کہا کہ اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ مسائل کے حل میں غیر ضروری تعطل نہ آنے پائے ۔ بریگیڈیئر ابرار بھٹی نے یقین دہانی کرائی کے ڈی ایچ اے کے رہائشیوں کے مسائل کا حل ان کی اولین ترجیح ہے ، انتظامیہ کی جانب سے کسی قسم کی غفلت یا سستی کی شکایت نہیں ملے گی۔ دریں اثنا پی ٹی آئی اراکین اسمبلی نے پنجاب کالونی کے پاس زیر تعمیر اوور ہیڈبرج کا بھی معائنہ کیا اور اسے جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔