کراچی : معروف اداکار عثمان مختارنے کہا ہے کہ پچھلے ڈیڑھ سال سے ایک خاتون مسلسل ہراساں اور بلیک میل کر رہی ہے۔ معروف فوٹو شیئرنگ ایپلی کیشن انسٹاگرام پر ایک پوسٹ میں پاکستان کے مشہور اداکار عثمان مختار نے لکھا کہ پچھلے ڈیڑھ سال سے ایک خاتون انہیں ڈرا دھمکا رہی ہیں، ایف آئی اے میں شکایت بھی درج کرا رکھی ہے، لیکن ڈیڑھ سال کا عرصہ گزر جانے کے بعد بھی کچھ کیا نہیں جا سکا، جس سے ذہنی حالت پر بہت برا اثر پڑا ہے۔ اداکار عثمان مختار نے لکھا کہ وہ عورتوں کی عزت کرتے ہیں اور ان کے حقوق کیلئے ہمیشہ کھڑے رہیں گے،انہوں نے کہا کہ کوشش کی کہ معاملہ خاموشی سے حل ہو جائے لیکن وہ اب تھک چکے ہیں۔ اداکار کا کہنا تھا کہ ان کے گھر والوں، دوستوں اور خاص طور پر والدہ کوبھی اس ہراسانی کے ذریعے نشانہ بنایا گیا ہے اور ان سے متعلق تکلیف دہ تبصرے کیے گئے ہیں۔ جس سے ذہنی حالت پر بہت برا اثر پڑا ہے۔