واجبات کی وصولی اورلائن لاسز کنٹرول نہ کرنیوالے افسران کیخلاف کارروائی ہو گی ملتان : چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر طاہر محمود نے کہا ہے کہ ڈیڈڈیفالٹرز سے واجبات کی وصولی،رننگ ڈیفالٹرز سے بلوں کی ادائیگی کے لئے سخت اقدامات کئے جائیں اور ڈیفالٹرز کے کنکشنز فوری طور پرمنقطع کئے جائیں۔ ڈیفالٹرز سے واجبات کی وصولی اورلائن لاسزکو کنٹرول نہ کرنے والے افسران کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔ فیلڈافسران اپنی کارکرد گی کو مزید بہتر بنائیں، لائن لاسز کو فیڈر کی سطح پر کنٹرول کیاجائے ۔ بجلی چوروں کو نہ صرف جرمانے کئے جائیں بلکہ ان کے خلاف ایف آئی آر زبھی درج کروائی جائیں۔ لائن سٹاف اپنی قیمتی جانوں کی حفاظت کو یقینی بنائیںاورٹی اینڈپی کا استعمال کریں۔ٹی اینڈپی کا استعمال نہ کرنے والے میپکوملازمین کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے میپکو سرکل مظفر گڑھ کے دورے کے موقع پر افسران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ ایکسین اور ایس ڈی اوزخود فیلڈ میں نکلیں ۔لائن لاسز اور واجبات کی وصولی کی رپورٹ روزانہ کی بنیاد پر مانیٹر کریں۔ ایس ڈی اوز فیلڈ میں بھیجنے سے قبل لائن سٹاف کی ٹی اینڈپی کی چیکنگ کریں اوراس کے استعمال کوبھی یقینی بنائیں ۔