دستیاب فنڈز کو شفاف انداز میں بروئے کار لایا جائے ،محمد علی کی ہدایات فیصل آباد: ڈپٹی کمشنر محمد علی نے کینال روڈ پر زیرتعمیر کشمیر پل انڈر پاس کی تعمیراتی پیشرفت کاجائزہ لینے کے لئے دورہ کیا اورمیگا پراجیکٹ کی جلد تکمیل کے لئے تمام ترانتظامی وفنی کاوشوں میں تیزی لانے کی ہدایت کی۔ایف ڈی اے کے افسر بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ڈپٹی کمشنر نے زیرتعمیر انڈر پاس کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اورتعمیراتی معیار کو چیک کرتے ہوئے ہدایت کی کہ دستیاب فنڈز کو شفاف انداز میں بروئے کار لایا جائے ۔انہوں نے متعلقہ افسروں سے کہا منصوبے کی تعمیراتی رفتار پر کڑی نظر رکھیں اورروزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کی جائے ۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کینال روڈ کے اس مقام پر ٹریفک کی آسان روانی کے لئے یہ میگاپراجیکٹ بڑی اہمیت وافادیت کا حامل ہے جس کی تکمیل سے نہ صرف شہریوں کو ٹریفک کے بہاؤ میں ریلیف ملے گا بلکہ یہ منصوبہ شہری ترقی کے نقوش کو بھی اجاگر کرے گا لہذا اس کی پائیدار و خوبصورت تکمیل میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے ۔اس موقع پرایف ڈی اے کے آفیسر نے بتایا کہ انڈر پاس کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لئے تمام ترفنی وتکنیکی امور کو مدنظر رکھا جارہا ہے ۔