عشرت علی اورطاہروٹو کاڈی ایچ کیو ہسپتال کا بھی دورہ، انتظامات چیک کئے جھنگ: ڈویژنل کمشنر عشرت علی نے ڈپٹی کمشنر محمد طاہر وٹو کے ہمراہ سرگودھا روڈ پر جاری کام کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو شاہد جوئیہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اشرف گجر، اسسٹنٹ کمشنر قاسم گل، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ، ایکسین ہائی وے بھی انکے ہمراہ تھے ۔ ڈویژنل کمشنر عشرت علی نے جاری منصوبے پر کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی اور احکامات جاری کرتے ہوئے کہا عوامی فلاحی منصوبوں میں تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائیگی۔ اس موقع پر ایکسین ہائی وے نے انہیں جاری ترقیاتی کاموں کی پیش رفت بارے تفصیلی بریفنگ بھی دی بعد میں وہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال گئے اور آئسولیشن رومز سمیت مختص کردہ وارڈز میں ضروری طبی انتظامات کو چیک کیا۔کمشنر نے آئسولیشن وارڈز اور رومز کو ممکنہ مریضوں کے لئے مکمل تیار رکھنے کی ہدایت کی اور کہا کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر ر مشتمل بینرز نمایاں جگہوں پر آویزاں کرائے جائیں۔ انہوں نے بتایا ضلعی انتظامیہ کے پاس گلوز، فیس ماسک، سرجیکل گاؤنز اور دیگر ضروری سازو سامان وافر مقدار میں موجود ہے ۔ اس موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر اسفند یار بھی موجود تھے ۔