ڈائٹنگ اور ورزش کے باوجود وزن کم نہ ہونے کی بڑی وجہ سامنے آگئی

شائع شدہ تاریخ 28 مارچ, 2026
ڈائٹنگ-اور-ورزش-کے-باوجود-وزن-کم-نہ-ہونے-کی-بڑی-وجہ-سامنے-آگئی

صحت کے ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ رات گئے سونے کی عادت وزن کم کرنے کی تمام کوششوں کو ناکام بنا سکتی ہے، بلکہ بعض صورتوں میں وزن بڑھنے کا سبب بھی بن سکتی ہے۔

نئی تحقیق کے مطابق جہاں لوگ وزن کم کرنے کے لیے غذا اور ورزش پر توجہ دیتے ہیں، وہیں ایک اہم عنصر یعنی نیند کو اکثر نظر انداز کر دیا جاتا ہے۔

رپورٹس کے مطابق مناسب نیند نہ صرف جسمانی صحت بلکہ وزن کے توازن میں بھی کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ کوئی شخص متوازن غذا لے رہا ہو اور باقاعدگی سے ورزش بھی کر رہا ہو، لیکن اگر وہ دیر سے سوتا ہے تو اس کی موٹاپا کم کرنے کی تمام محنت ضائع ہوسکتی ہے۔

طبی ماہرین کے مطابق خاص طور پر رات 11 بجے کے بعد سونا جسم کے قدرتی نظام کو متاثر کرتا ہے۔ انسانی جسم ایک مخصوص حیاتیاتی گھڑی کے تحت کام کرتا ہے، جو رات کے وقت میٹابولزم اور ہاضمے کی رفتار کو کم کر دیتی ہے۔ اس دوران اگر انسان جاگتا رہے تو جسم تناؤ کی کیفیت میں چلا جاتا ہے۔

ماہرین کا مزید کہنا ہے کہ دیر تک جاگنے سے جسم میں کورٹیسول (تناؤ کا ہارمون) کی سطح بڑھ جاتی ہے، جو چربی کے ذخیرے کو بڑھانے اور چربی جلانے کے عمل کو سست کرنے کا باعث بنتی ہے، یہی وجہ ہے کہ بعض افراد صحت بخش غذا اور ورزش کے باوجود موٹاپا کم کرنے میں کامیاب نہیں ہو پاتے۔

ڈاکٹرز کے مطابق رات کے اوقات میں جسم قدرتی طور پر آرام اور بحالی کے مرحلے میں داخل ہوتا ہے، تاہم اس معمول میں خلل ڈالنے سے نہ صرف ہاضمہ متاثر ہوتا ہے بلکہ مجموعی صحت بھی خطرے میں پڑ سکتی ہے۔

ماہرین نے مشورہ دیا ہے کہ وزن کم کرنے کے خواہشمند افراد کو اپنی نیند کے اوقات کو درست کرنا چاہیے اور جلد سونے کی عادت اپنانی چاہیے تاکہ جسم کا قدرتی نظام بہتر انداز میں کام کرسکے۔