لاہور : مہنگائی کا جن بے قابو ، ملک کے بیشتر حصوں میں چینی کی قیمت نے پٹرول کو بھی پیچھے چھوڑدیا ۔ تفصیلات کے مطابق چینی کی قیمت بھی آسمان سے باتیں کرنے لگی، ملک بھر میں چینی کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے ، ملک کے بیشتر حصوں میں فی کلو چینی کی ہول سیل قیمت 150 جبکہ ریٹیل میں چینی 160 روپے فی کلو فروخت کی جارہی ہے، جس پر کسی بھی سطح پر حکومت کا کنٹرول نہیں ہے۔ لاہور لاہور میں ہول سیل میں چینی کا فی کلو ریٹ 142 روپے تک پہنچ گیاجبکہ مارکیٹ میں چینی 150 روپے فی کلو فروخت ہو رہی ہے ۔ گزشتہ روز منڈی میں چینی کی 50 کلو بوری میں ساڑھے تین سو روپے مزید اضافے پر انتظامیہ حرکت میں آئی، تاہم لاہورکی اکبری منڈی میں چینی کی 50 کلو کی بوری 7100 تک پہنچ گئی ۔ ملتان اسی طرح ملتان میں اوپن مارکیٹ میں لوکل چینی من مانی قیمت پر فروخت ہورہی ہے ، شہری علاقوں میں محدود لوکل چینی 130 جبکہ دیہی علاقوں میں 140 روپے کلو تک فروخت ہونے لگی۔ امپورٹڈ چینی حکومتی اسٹالز پر 90 جبکہ باریک چینی یوٹیلیٹی اسٹورز پر 85 روپے میں فروخت ہورہی ہے ۔ کراچی کراچی میں بھی چینی کی قیمتیوں کو پر لگ گئے ،ہول سیل مارکیٹ میں چینی 140 روپے میں فروخت ہورہی ہے جبکہ ریٹیل مارکیٹ میں چینی 145 روپے تک پہنچ گئی ہے ۔ کوئٹہ بلوچستان کے ضلع کوئٹہ میں چینی کی قیمت میں ایک مرتبہ پھر اضافہ ہوگیا ، چینی کی نئی قیمت 160 روپے مقر ر کی گئی ہے جبکہ چینی کی 50 کلو کی بوری کی قیمت 6050 سے بڑھ کر 8000 پر جاپہنچی ۔ پشاور خیبرپختونخوا کے شہر پشاور میں چینی کی فی کلو قیمت 150 روپے تک پہنچ گئی ، ہول سیل میں 50 کلو گرام چینی کی بوری کی قیمت 7 ہزار 500 روپے ہوگئی ہے، دو دنوں کے دوران فی کلو قیمت میں 10 روپے کا مزید اضافہ ہوا۔ شہر اور نواحی علاقوں میں دکاندار فی کلو چینی 155 سے 160 روپے میں فروخت کرنے لگے ہیں۔ بڑھتی ہوئی قیمتوں سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہےاور شہریوں نے حکومت سے چینی کی قیمت میں استحکام لانے کا مطالبہ کردیا ۔ خیال رہے کہ بدھ کی شام قوم سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے تاریخی ریلیف پیکج کا اعلان کرتے ہوئے اشیائے خودنوش کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا تھا ۔