چینی بلٹ ٹرین کا حیران کن کارنامہ، 5 سیکنڈ میں 800 کلومیٹر فی گھنٹہ رفتار

شائع شدہ تاریخ 13 اگست, 2026
چینی-بلٹ-ٹرین-کا-حیران-کن-کارنامہ،-5-سیکنڈ-میں-800-کلومیٹر-فی-گھنٹہ-رفتار

چین میں تقریباً 2,550 پاؤنڈ (تقریباً 1,157 کلوگرام) وزنی ایک تجرباتی میگ لیو (maglev) ٹرین نے حال ہی میں مختصر فاصلے پر تیز رفتاری کا اپنا عالمی ریکارڈ 6 ماہ کے دوران تیسری مرتبہ توڑ دیا ہے۔ چینی حکام کے مطابق یہ مختصر فاصلے پر تیز ترین ایکسیلیریشن کا نیا عالمی ریکارڈ ہے۔

اس ٹرین کی رفتار کمرشل ہوائی جہاز کی رفتار کے قریب پہنچ گئی ہے، بلٹ ٹرین کا یہ تجربہ ڈانگہو لیبارٹری نے کیا، تاہم اس میں بیٹھ کر سفر کرنا فی الوقت ممکن نہیں ہے، یہ ایک تجرباتی ٹرین ہے۔ دل چسپ بات یہ ہے کہ امریکا میں میگ لیو ٹرینیں موجود نہیں ہیں، جب کہ چین، جاپان اور یورپ کے بعض حصوں میں یہ کئی دہائیوں سے نقل و حمل کا ایک اہم ذریعہ رہی ہیں۔

یہ ٹرینیں مقناطیسی کوائلز کے ایک خصوصی نظام کے ذریعے 200 میل فی گھنٹہ سے زیادہ رفتار پر مسافروں کو محفوظ طریقے سے منزل تک پہنچاتی ہیں۔ یہ کوائلز متبادل برقی مقناطیسی میدان پیدا کرتے ہیں۔ نظام فعال ہونے کے بعد مقناطیسی کرنٹ ٹرین کو زمین سے اٹھانے کے ساتھ ساتھ تیزی سے آگے کی جانب دھکیلتے ہیں، جس سے روایتی ریل گاڑیوں کی نقل و حرکت میں درپیش رگڑ کی رکاوٹ ختم ہو جاتی ہے۔