تازہ ترین

چیف جسٹس پاکستان اسٹیل کے حوالے سے کمیشن بنائیں،شمشاد قریشی

چیف-جسٹس-پاکستان-اسٹیل-کے-حوالے-سے-کمیشن-بنائیں،شمشاد-قریشی

توقع کرتے ہیں پاکستان اسٹیل کی بحالی اور واجبات سمیت تمام مسائل حل کئے جائیں گے پی ٹی آئی نے واجبات سمیت دیگر مسائل حل نہیں کئے ، ملیر میں پریس کانفرنس سے خطاب کراچی : پاکستان اسٹیل پیپلز ورکرز یونین کے چیئرمین شمشاد قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان اسٹیل اور اس کے عملے سے متعلق عدالتی ریمارکس سے ملازمین میں شدید اضطراب اور بے چینی پائی جاتی ہے ، اصل حقائق تک پہنچنے کیلئے ہماری درخواست ہے کہ چیف جسٹس پاکستان اسٹیل کے حوالے سے کمیشن کا قیام عمل میں لائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملیر پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہاکہ پاکستان اسٹیل کے محنت کش اپنے حقوق کیلئے اعلیٰ عدالت کی جانب دیکھ رہے ہیں اور توقع کرتے ہیں کہ پاکستان اسٹیل کی بحالی اور ریٹائرڈ ملازمین کے واجبات کی ادائیگی سمیت تمام مسائل حل کئے جائیں گے ۔ شمشاد قریشی نے کہاکہ ریٹائر منٹ کے بعد اپنا ہی پراویڈنٹ فنڈ اور گریجویٹی حاصل کرنے کیلئے ملازمین عدالتوں کے چکر لگا رہے ہیں، واجبات کے منتظر کئی ملازمین انتقال کر چکے ہیں ان کے لواحقین کسمپرسی کی زندگی بسر کر رہے ہیں۔ تحریک انصاف کی حکومت کے پاس پاکستان اسٹیل سے متعلق کوئی واضح پالیسی نہیں حالانکہ 2018کی الیکشن مہم میں عمران خان سمیت پی ٹی آئی کے تقریباً تمام رہنماؤں نے پاکستان اسٹیل کے دورے کے موقع پر اعلان کیا تھا کہ ہم حکومت میں آکر پاکستان اسٹیل کو چلائیں گے اور ریٹائرڈ ملازمین کے واجبات اداکرینگے ، مگر افسوس 20 ماہ گزرنے کے باوجود ریاست مدینہ کی دعویدار تبدیلی سرکار کی جانب سے نہ تو ملازمین کے واجبات سمیت دیگر مسائل حل ہوئے اور نہ ہی ادارے کی بحالی ممکن ہوسکی۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی ضلع ملیر کے انفارمیشن سیکریٹری میر عباس تالپور، امداد جوکھیو، مجاہد جوکھیو، ممتاز علی بھٹو، غلام مصطفی زرداری، سید حمید اللہ و دیگر موجود تھے۔

زیادہ پڑھی جانےوالی خبریں