چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کی زیرصدارت پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف پارلیمانی سروسز کے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس
شائع شدہ تاریخ 10 جولائی, 2019
چیئرمین سینیٹمحمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ پارلیمنٹرینز کو بہترین پارلیمانی خدمات کی فراہمی اور متعلقہ افسران کی تربیت کیلئے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف پارلیمانی سروسز کو مزید فعال بنایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف پارلیمانی سروسز کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹر شبلی فراز، وفاقی وزیر پارلیمانی امور، سینیٹر اعظم سواتی،سینیٹر رحمان ملک، ایم ایف اے امجد علی خان، نفیسہ عنایت اللہ خٹک اور سینئر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران پارلیمانی انسٹی ٹیوٹ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کی تقرری کے عمل کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ایگزیکٹو ڈائریکٹر کی تقرری کیلئے قومی اخبارات میں دوبارہ تشہیر کی گئی جس کے نتیجہ میں امیدواروں کی ایک حوصلہ افزاء تعداد نے درخواستیں دی ہیں۔بورڈ آف گورنرز کے ارکان نے تقرری کا عمل جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ چیئرمین سینیٹ اور انسٹی ٹیوٹ کے بورڈ آف گورنرز کے صدر محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ پارلیمانی تربیت کا دائرہ کار وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے مختلف گروپوں سے تعلق رکھنے والے ملازمین تک بھی بڑھایا جائے تاکہ قانون سازی سے متعلق بنیادی امور سے آگاہی حاصل ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹرینز کو بہترین خدمات کی فراہمی اور قانون سازی میں معاونت کیلئے انسٹی ٹیوٹ کو زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں خالی آسامیوں کو پُر کرنے کیلئے بھی اقدامات کئے جائیں گے۔