چہرے کی چھائیاں دور کرنے کے مؤثر طریقے
شائع شدہ تاریخ 08 اپریل, 2026
اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام گڈ مارننگ پاکستان میں ماہر جِلد ڈاکٹر بتول نے چہرے پر پڑنے والی چھائیوں سے چھٹکارا حاصل کرنے کیلئے خواتین کو مفید مشوروں سے آگاہ کیا۔
چہرے پر چھائیاں پڑنے کی بنیادی وجہ عمر بڑھنے کے ساتھ جلد میں کولاجین اور الاسٹن نامی پروٹینز کی کمی ہے، جو جلد کو سخت اور لچکدار رکھتے ہیں۔
ماہرِ جلد (ڈرماٹولوجسٹ) نے بتایا کہ یہ اندرونی وجوہات کی وجہ سے ہوتی ہیں ان کی دو بڑی وجوہات ہیں پہلی یہ کہ ہیمو گلوبن بڑھ رہا ہے یا پھر آئرن لیول کم ہورہا ہے، اور زیادہ تر یہ کیفیت آئرن کی کمی سے ہوتی ہے جو سب سے زیادہ حاملہ خواتین میں ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ تھائی رائیڈ کے مسائل اور وٹامن سی کی کمی بھی اس کا اہم سبب ہے۔
مزید یہ کہ گھریلو ٹوٹکوں میں لیموں، ایلو ویرا یا شہد کا استعمال احتیاط سے کرنا چاہیے، لیموں ہر اسکن کے لیے مناسب نہیں ہوتا، خاص طور پر حساس جلد پر یہ نقصان دہ ہو سکتا ہے۔
اسی طرح شہد اور دیگر اجزاء بھی اگر درست مقدار اور مناسب طریقے سے استعمال نہ کیے جائیں تو جلد کو نقصان پہنچا سکتے ہیں کیونکہ یہ تیزابی (ایسڈک) اثر رکھتے ہیں۔
غذا اور احتیاطی تدابیر:
ماہرجلد کے مطابق چھائیوں سے بچاؤ اور کمی کے لیے متوازن غذا ضروری ہے، پانی زیادہ پئیں، آئرن اور پروٹین والی غذائیں استعمال کریں (گوشت، انڈے، دودھ، دہی) پالک اور دیگر سبزیاں کھائیں، روزانہ تھوڑی مقدار میں خشک میوہ جات (بادام، اخروٹ) لیں۔ روزانہ صبح اور شام پھل کھائیں، نیند پوری کریں، ذہنی دباؤ کم رکھیں۔
ڈاکٹر یہ بھی مشورہ دیتے ہیں کہ اگر جھائیاں زیادہ ہوں تو خون کا ٹیسٹ (ہیموگلوبن چیک) کروانا چاہیے تاکہ معلوم ہوسکے کہ خون کی کمی (اینیمیا) تو نہیں۔
اس کے علاوہ دھوپ بھی چھائیوں کا سبب بن سکتی ہے، خاص طور پر حساس یا گوری جلد والے افراد میں، اس لیے سن بلاک کا استعمال بھی ضروری ہے۔