مرغی کا گوشت ایک ہی روز میں 222 سے 232 روپے کلو ہوگیا،ادارے قیمتوں پر کنٹرول رکھنے میں ناکام :شہری،مہنگائی کے باعث کاروبار بند ہو رہے ہیں:دکاندار مردہ مرغیاں استنبول چوک میں پکڑی گئیں،شہر کے مختلف علاقوں میں فراہم کی جانی تھیں، دودھ کی2 دکانیں سربمہر،معمولی نقائص پر8ملک شاپس کو اصلاحی نوٹسز لاہور : مہنگائی کی چکی میں پسے ہوئے عوام کے لیے ایک اور جھٹکا ،چکن گوشت ایک روز میں 10 روپے کلو مہنگا ہو گیا، 30 من مردہ مرغیاں،1960 لٹر ناقص دودھ تلف کر دیا گیا۔تفصیل کے مطابق مٹن، بیف کے بعد اب چکن بھی قوت خرید سے باہر ہونے لگا، مرغی کے گوشت کی قیمت میں ایک روز میں 10س روپے کا اضافہ کردیا گیا،قیمت 222 سے بڑھ کر 232 روپے کلو پر پہنچ گئی۔ شہریوں نے کہا مرغی کے گوشت کی قیمت ایک دو روپے کم ہوتی ہے تو اگلے دن دس روپے بڑھ جاتی ہے ، پرائس کنٹرول کمیٹیاں اور دیگر ادارے قیمتوں پر کنٹرول رکھنے میں ناکام ہیں ،غریب آدمی اب چکن خریدنے کی قوت بھی نہیں رکھتا ۔دکانداربھی مہنگائی پر نالاں ہیں،انہوں نے کہا بڑھتی قیمتوں سے کاروبار بند ہو رہے ہیں حکومت اس معاملے پر اقدامات کرے ۔ادھر انارکلی پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے استنبول چوک پر30 من مردہ مرغیوں کی کھیپ پکڑلی ،ملزم گرفتار کر لیا گیا ۔اے سی سٹی تبریز مری نے کہا ملزم سہیل مسیح مردہ مرغیاں شہرکے مختلف علاقوں میں سپلائی کیلئے لے جا رہا تھا،ملزم کے مطابق اس کھیپ کو فوڈ پوائنٹس پر فروخت کیا جانا تھا۔ادھر ڈی جی فوڈ اتھارٹی عرفان میمن کی سربراہی میں سبزہ زارکے علاقے میں ملک شاپس کی چیکنگ کی گئی ۔ناقص دودھ فروخت کرنے پر2 ملک پوائنٹس حافظ ملک شاپ اور حاجی سردائی ملک شاپ سربمہر، 1960 لٹر دودھ تلف کیا گیا۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا ہے معمولی نقائص پر8ملک شاپس کو اصلاحی نوٹسز جاری کئے گئے ۔