تازہ ترین

چڑیا گھر سفاری پارک, جانوروں اور پرندوں کے پنجروں میں جراثیم کش اسپرے کی ہدایت

چڑیا-گھر-سفاری-پارک,-جانوروں-اور-پرندوں-کے-پنجروں-میں-جراثیم-کش-اسپرے-کی-ہدایت

خوراک کا خیال رکھا جائے ، موجودہ صورتحال میں دیکھ بھال پر مامور اسٹاف کو شفٹوں اور دنوں میں تقسیم کرلیا جائے، میئرمحکمہ پارکس شہر میں لگے پودوں، درختوں اور سبزے کا خیال رکھے ، روزانہ کی بنیاد پر انہیں پانی بھی دیا جائے، وسیم اختر کی گفتگو کراچی : میئر کراچی وسیم اختر نے ہدایت کی ہے کہ چڑیا گھر، لانڈھی کورنگی زو اور سفاری پارک میں موجود جانوروں اور پرندوں کی خوراک اور فوڈ سپلیمنٹ کا خیال رکھا جائے اور وہ اسٹاف جو ان کی دیکھ بھال، نگہداشت اور حفاظت پر مامور ہے وہ اپنی ذمہ داریوں کو بھر پور طریقے سے نبھائے، موجودہ صورتحال میں اسٹاف کو شفٹوں اور دنوں میں تقسیم کرلیا جائے تاکہ جانداروں کا خیال رکھا جا سکے۔ میئر کراچی نے ڈائریکٹر سفاری پارک اور زو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جانوروں کے انکلوژرز اور پنجروں کی روزانہ کی بنیاد پر صفائی کی جائے اور جراثیم کش اسپرے کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ پورے ملک کی طرح کراچی بھی اس وقت کورونا وائرس کے باعث غیر معمولی صورتحال سے گزر رہا ہے ، شہر لاک ڈاؤن ہے لیکن انتہائی اہم ذمہ داریوں سے نبردآزما ہونے کے لئے افسران اور اسٹاف اپنی ذمہ داریاں پوری کررہا ہے۔ انہوں نے محکمہ پارکس کو بھی ہدایت کی کہ وہ شہر میں لگے ہوئے پودوں، درختوں اور سبزے کا خیال رکھے ، روزانہ کی بنیاد پر انہیں پانی بھی دیا جائے ۔ میئر کراچی نے کہا کہ ہر شخص اپنے اپنے مقام پر اپنی حفاظت کے ساتھ فرائض انجام دے سکتا ہے، ضروری ہے کہ متعلقہ افسران اور عملہ اپنے فرائص منصبی مکمل احتیاط کے ساتھ انجام دے اور اپنی ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے محکمہ صحت کی جانب سے جو احتیاطی تدابیر بتائی گئی ہیں ان پر عمل پیرا رہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم ان حالات سے اللہ تعالیٰ کے کرم سے بہت جلد نکل آئیں گے ۔ میئر کراچی نے شہریوں سے اپیل کی کہ جس طرح انہوں نے گزشتہ دنوں ذمہ داری کا ثبوت دیا ہے آئندہ بھی وہ اسی طرح باشعور شہری ہونے کا ثبوت دیں ، انتہائی اہم ذمہ داریوں کے علاوہ گھر سے نکلنے میں احتیاط برتیں تاکہ جس قدر جلد ممکن ہو سکے ہم کورونا وائرس پر قابوپاسکیں۔ میئر کراچی نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے تمام اسپتالوں میں جو پیرا میڈیکل اسٹاف اور ڈاکٹرز اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں میں انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں، اس وقت جس صورتحال میں وہ اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں وہ یقیناً پوری قوم کے سامنے ہیں اور ان کی خدمات کو ہر شخص عقیدت کی نگاہ سے دیکھتا ہے، اسی طرح جو افسران و ملازمین فائر بریگیڈ، ریسکیو یونٹ، سٹی وارڈنز اور دیگر محکموں میں فرائض انجام دے رہے ہیں وہ بھی قابل ستائش ہیں، گزشتہ روز ان تمام افسران و ملازمین کو ماسک فراہم کردیے گئے ہیں اور دیگر ضروری حفاظتی اقدامات کے لئے بھی کہا گیا ہے۔

زیادہ پڑھی جانےوالی خبریں