تازہ ترین

چوہدری برادران کی وزیراعظم کوعدم اعتمادکیخلاف حمایت کی یقین دہانی

چوہدری-برادران-کی-وزیراعظم-کوعدم-اعتمادکیخلاف-حمایت-کی-یقین-دہانی

وزیراعظم عمران خان کو چوہدری برادران نے اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد پر حکومت کی حمایت کا یقین دلادیا۔ چوہدری برادران کا کہنا ہے کہ آخری وقت تک حکومت کا ساتھ دیں گے۔ وزیراعظم عمران خان، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور وفاقی وزراء آج چوہدری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کرنے لاہور میں ان کی رہائش گاہ ظہور الٰہی پیلس پہنچے، جہاں چوہدری برادران سے ان کی ملاقات 30 منٹ سے زائد جاری رہی۔ رپورٹ کے مطابق چوہدری برادران نے اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کی صورت میں حکومت کی مکمل حمایت کی یقین دہانی کرادی۔ چوہدری برادران کا وزیراعظم سے گفتگو میں کہنا ہے کہ آخری وقت تک حکومت کا ساتھ دیں گے، عدم اعتماد کی تحریک آئی تو ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔ چوہدری شجاعت حسین کا کہنا ہے کہ اپوزیشن والے اپنا شوق پورا کرلیں۔ چوہدری برادران نے وزیراعظم عمران خان کو اپوزیشن کی آفرز سے متعلق بھی آگاہ کیا اور بتایا کہ تمام آفرز ٹھکرادیں۔ گزشتہ دنوں چوہدری شجاعت حسین، چوہدری پرویز الٰہی سے آصف زرداری، شہباز شریف اور مولانا فضل الرحمان نے ملاقات کی تھی، جس میں وزیراعظم کیخلاف تحریک عدم اعتماد پر اپوزیشن کی حمایت کی درخواست اور مختلف پیشکشیں کی گئی تھیں۔ وزیراعظم عمران خان سے ملاقات میں چوہدری شجاعت حسين کا مزید کہنا تھا کہ مہنگائی نے عوام کا جینا دوبھر کر رکھا ہے اس پر بھی کچھ سوچیں، جس پر وزيراعظم کا کہنا تھا کہ مہنگائی کی روک تھام کیلئے ہی پیٹرول، ڈیزل اور بجلی کی قیمتوں کو کم کیا ہے۔ وزیراعظم نے روس اور چین کے دوروں کے بارے میں بھی چوہدری برادران کو آگاہ کیا، جس پر دونوں رہنماؤں نے ان دونوں کو انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیا۔ چوہدری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ آپ کے دورے کے دور رس نتائج برآمد ہونگے۔ چوہدری پرویز الٰہی نے وزیراعظم کو پنجاب اسمبلی میں ہونیوالی قانون سازی کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔ وزیراعظم عمران خان کی چوہدری برادران سے ملاقات کے حوالے سے پی ٹی آئی رہنماء فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ یہ کوئی سرپرائز نہیں طے شدہ ملاقات ہے، اتحادیوں سے ملاقات ہوتی رہتی ہے وزیراعظم پہلی دفعہ نہیں مل رہے، چوہدری برادران ہمارے اتحادی ہیں اور رہیں گے۔ پیپلزپارٹی کے مہنگائی کیخلاف لانگ مارچ پر انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کے مارچ میں کرائے کے مزدور لائے گئے ان کو پیسے بھی نہیں دیئے جارہے، یہ پنجاب آئیں گے تو پتہ چلے گا ان کے غبارے سے ہوا نکل گئی ہے۔

زیادہ پڑھی جانےوالی خبریں