تازہ ترین

چودھری شجاعت کا فضل الرحمان کو سیاست میں دروازے کھلے رکھنے کا مشورہ

چودھری-شجاعت-کا-فضل-الرحمان-کو-سیاست-میں-دروازے-کھلے-رکھنے-کا-مشورہ

لاہور: مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت حسین نے سربراہ جے یوآئی ف کو سیاست میں دروازے کھلے رکھنے کا مشورہ دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ سیاست میں کبھی دروازے بند نہیں کیے جاتے، مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ملک کو آپ کی سیاسی بصیرت کی ضرورت ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مسلم لیگ ق کے سربراہ اور سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین سے سربراہ جے یوآئی (ف) مولانا فضل الرحمان نے ملاقات کی، جس میں مولانا فضل الرحمان نے چودھری شجاعت کی خیریت دریافت کی۔ملاقات میں اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی بھی موجود تھے۔ بتایا گیا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کی چودھری شجاعت حسین اور اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی سے 40 منٹ تک ملاقات جاری رہی۔ ملاقات میں سیاسی صورتحال اور آزادی مارچ سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر سربراہ جے یوآئی ف مولانا فضل الرحمان نے آزادی مارچ کے معاملے پر کھل کربات کی۔مولانا فضل الرحمان نے چودھری شجاعت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو آپ کی سیاسی بصیرت کی ضرورت ہے۔ ملاقات میں چودھری برادران نے آزادی مارچ سے متعلق اپنا مئوقف حکومت کے خدشات بھی مولانا فضل الرحمان کو کھل کربیان کیے۔چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ سیاست میں مذاکرات کے دروازے کھلے رکھنے چاہئیں۔ دوسری جانب آج مسلم لیگ ن نے بھی باضابطہ آزادی مارچ میں شرکت کا اعلان کردیا ہے۔صدر ن لیگ شہبازشریف سے آج اُن کی رہائشگاہ پر جے یوآئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ملاقات کی، جس میں سیاسی صورتحال، ملکی مسائل اور آزادی مارچ سے متعلق لائحہ عمل پر مشاورت کی گئی۔ ملاقات کے بعد شہبازشریف نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ 31 اکتوبر کو آزادی مارچ کیلئے جلسہ کرنے کا اعلان کردیا، جلسے میں اپنے اگلے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے، پارٹی قائد نوازشریف کی ہدایت پر ن لیگ آزادی مارچ میں بھرپور شرکت کرے گی، جلسے میں پاکستان زندہ باد کہیں گے اور کشمیریوں کے حقوق کی بات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم اور صحت سمیت ہر میدان میں مایوسی ہے۔اس حکومت کو جلد گھر جانا چاہیے اور ملک میں جلد نئے انتخابات ہونے چاہئیں۔ شہبازشریف نے کہا کہ موجودہ حکومت نے پاکستان کو تباہ کردیا، سرمایہ کاری ختم ہوگئی، مہنگائی عروج پر ہے۔ آج جو کچھ ہورہا ہے حکومت کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ وعدہ ہے کہ حکومت ملی تو معیشت کو 6 مہینوں میں پاؤں پر کھڑا کردیں گے۔

زیادہ پڑھی جانےوالی خبریں