وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ تحریک انصاف (پی ٹی آئی) جن قوتوں کے ساتھ کرپشن کے خاتمے کے لیے جنگ میں مصروف ہے اس کی نمائندگی پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کررہی ہے۔ اسلام آباد میں میڈیا بریفنگ کے دوران انہوں نے کہا کہ یہ قوتیں ہیں جنہوں نے اس ملک کی اخلاقیات کو تباہ و برباد کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف، جمہوری پارٹی ہےاور صرف جمہوریت پر یقین رکھتی ہے اور عمران خان نے ہمیشہ اخلاقیات پر مبنی سیات کی ہے۔ شبلی فراز نے کہا کہ قومی اسمبلی سے وزیر اعظم کو اعتماد کا ووٹ ملنے سے پورے ملک میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ انہوں نے کہا کہ ’پی ڈی ایم دراصل ان جماعتوں کی نمائندہ تنظیم ہے جنہوں نے اپنے مفادات کو ہمیشہ اولین اہمیت دی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وہ کیسے اپنے مفادات کے خلاف قانون سازی کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتوں نے سیاست کو کاروبار کے فروغ کے لیے استعمال کیا اس طرح عوام کی حالت بہتر نہیں ہوئی بلکہ اپوزیشن رہنماؤں کی جائیدادوں میں اربوں روپے اضافہ ہوا۔