اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس فیصلہ سنادیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق aلیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کا محفوظ فیصلہ سنادیا ہے، پی ٹی آئی فنڈنگ کیس کا فیصلہ چیف الیکشن کمشنر نے پڑھ کر سنایا۔ مختصر فیصلے میں کہا گیا کہ پی ٹی آئی کے خلاف ممنوعہ فنڈنگ ثابت ہوتا ہے، پی ٹی آئی نے تیرہ اکاؤنٹس کی تفصیلات نہیں دیں۔ پی ٹی آئی کیخلاف ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ21 جون کو محفوظ کیا گیا تھا۔ گذشتہ روز چیف الیکشن کمشنر کی زیرصدارت پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کے حوالے سے الیکشن کمیشن میں اجلاس ہوا جو 3 گھنٹے تک جاری رہا، اجلاس میں ممنوعہ فنڈنگ کیس سے متعلق مشاورت کی گئی۔ پاکستان تحریک انصاف کیخلاف فنڈنگ کیس الیکشن کمیشن میں 8 سال زیر سماعت رہا، تحریک انصاف کے خلاف الیکشن کمیشن میں کیس 14 نومبر 2014 کو پی ٹی آئی کے بانی رکن اکبر ایس بابر کی جانب سے دائر کیا گیا تھا۔