پولیس فورس مستقبل میں بھی ایسے میگا ایونٹس کی سکیورٹی کیلئے ہردم تیار ہے ملتان: ریجنل پولیس آفیسر ملتان وسیم احمد خان نے کہا ہے کہ پی سی ایل کرکٹ میلے میں لاکھوں شہریوں نے سٹیڈیم کا رخ کیا جن کی حفاظت کی ذمہ داری پولیس اور سکیورٹی فورسز نے احسن انداز میں نبھائی۔پولیس کے ہر جوان نے جانفشانی سے ڈیوٹی سرانجام دیکر محکمے کا سر فخر سے بلند کردیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ سکیورٹی انتظامات کو فول پروف بنانے والے اہلکاروں کو حوصلہ افزائی کیلئے انعامات سے بھی نوازا جارہا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز آر پی او آفس میں ضلعی پولیس کی سکیورٹی برانچ کی انچارج سب انسپکٹر شبانہ سیف کو تعریفی سرٹیفکیٹ سے نوازتے ہوئے کیا۔ریجنل پولیس آفیسر ملتان وسیم احمد خان نے کہا کہ پولیس فورس کا مورال بلند کرنے کیلئے اعلیٰ کمانڈ کی جانب سے حوصلہ افزائی کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں تاکہ انکی کارکردگی کو نکھارا جاسکے اور محکمہ عوام کی توقعات پر پورا اتر سکے ۔آر پی او کا کہنا تھا کہ سول سوسائٹی کے مثالی تعاون سے پولیس کو سکیورٹی اور ٹریفک انتظامات فول پروف بنانے میں مدد ملی، پولیس فورس مستقبل میں بھی ایسے میگا ایونٹس کی سکیورٹی کیلئے ہردم تیار ہے ۔