پی ایس ایل ٹیم مالکان کا مطالبہ منظور — پی سی بی کا ہنگامی اجلاس آج طلب
شائع شدہ تاریخ 04 نومبر, 2025
ذمہ دار ذرائع کے مطابق مالکان نے پی ایس ایل مینجمنٹ سے ملاقات میں اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا تھا جسے تسلیم کر لیا گیا ہے۔
پی ایس ایل 2026 اور 2027 سے متعلق خدشات کا اظہار کیا گیا تھا، ان تمام تحفظات پر اجلاس میں غور کیا جائے گا ا اور پی سی بی حکام اپنے مؤقف سے آگاہ کریں گے۔
اجلاس نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ہوگا جس میں 6 فرنچائزز بشمول ملتان سلطانز کو مدعو کیا گیا ہے۔
فرنچائز مالکان نے کمرشل امور، ایونٹ ونڈو اور ای وائی ایویلیوایشن رپورٹ پر بریفنگ کا مطالبہ کیا ہوا ہے۔
ذمہ دار ذرائع کا کہنا ہے کہ مالکان نے 2 سالہ ٹائٹل اسپانسرشپ معاہدے کے طریقہ کار پر بھی بریفنگ مانگی ہے۔
بورڈ نے پاکستان سپر لیگ میں مزید 2 نئی ٹیمیں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے جب کہ 10 سال مکمل ہونے پر رواں ماہ فرنچائزز کے ساتھ نیا معاہدہ کیا جائے گا۔
پاکستان سپر لیگ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیر کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل میچز کا دائرہ کار اب لاہور، ملتان، راولپنڈی اور کراچی کے ساتھ ساتھ فیصل آباد اور پشاور تک بھی پھیلایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کی نئی ٹیم کے لیے نومبر میں ٹینڈر جاری کیے جائیں گے، دلچسپی لینے والے مختلف شہروں کے ناموں میں سے اپنی مرضی کے نام کا انتخاب کر سکیں گے۔