شہرکوخوبصورتی سے سجایا جائیگا،مختلف علاقوں میں بڑی اسکرین بھی لگائیں گے ،افتخارشالوانیامن بحال ہوچکا،پرسکون ماحول میں بین الاقوامی ایونٹ منعقدہورہے ہیں،تقریب سے خطاب کراچی: کمشنر افتخار شالوانی نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل 5) کے حوالے سے شہریوں میں زبردست جوش و خروش پایا جاتا ہے ، پی ایس ایل کے موقع پر شہر کو خوبصورتی کے ساتھ سجایا جائے گا اور بین الاقوامی کھلاڑیوں کا شاندار انداز میں استقبال کیا جائے گا، میچز دکھانے کے لئے شہر کے مختلف علاقوں میں بڑی اسکرین لگانے کے انتظامات کئے جائیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کمشنر آفس میں ڈویژنل اسپورٹس کمیٹی کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹر اقبال قاسم کے اعزاز میں دیے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر اسپورٹس سے وابستہ شخصیات کے علاوہ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔کمشنر نے اپنے خطاب میں مزید کہاکہ شہر قائد میں امن وامان بحال ہوچکا ہے اور آج پرسکون اور پر فضا ماحول میں شہر میں بین الاقوامی ایونٹ منعقد ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پی ایس ایل کا ایونٹ شہر قائد میں جوش و خروش کے ساتھ منعقد کیا جائیگا اس حوالے سے عوام میں زبردست جوش و خروش پایا جاتا ہے ۔کمشنر افتخار شالوانی نے کہاکہ شہر کے اہم چوراہوں ،فیملی پارکس اور کھیل کے میدانوں میں بڑے اسکرین پر پی ایس ایل میچز دکھا نے کے لئے خصوصی انتظامات کئے جائیں گے ۔ اس موقع پر ایڈیشنل کمشنر ون اسد علی خان ، ڈپٹی کمشنر ساؤتھ ارشاد علی سوڈھر ، خالد جمیل شمسی ، محمد سلیم خمیسانی ، محمد ارشد ، آصف عظیم ، اصغر بلوچ ، انجینئر محفوظ الحق ، اخلاق احمد ودیگر موجود تھے ۔