بارہ برس میں لاڑکانہ میں بھی کوئی کام نہیں کیا،سندھ پستی کی طرف چلاگیا ہےشہر میں پانی کی تقسیم درست طریقے سے نہیں ،سائٹ ایسوسی ایشن سے خطاب کراچی: پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں پی ٹی آئی کو ووٹ دیا جائے ،کراچی کو وہی حکومت چلا سکتی ہے جو کہ صوبے میں اکثریت رکھتی ہو،پیپلز پارٹی نے کراچی تو کیا لاڑکانہ میں بھی کوئی کام نہیں کیا ۔وہ گزشتہ روز سائٹ ایسوسی ایشن میں تاجروں و صنعتکاروں سے خطاب کررہے تھے ،اس موقع پر پی ٹی آئی کے بعض اراکین سندھ اسمبلی اور پی ٹی آئی کراچی ڈویژن کے عہدیدار بھی انکے ہمراہ تھے ۔دورے کے موقع پر سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹریز کے پیٹرن اِن چیف سراج قاسم تیلی، پیٹرن زبیر موتی والا، صدرسلیمان چاولہ اور دیگر عہدیداران نے وفد کا استقبال کیا۔خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 12 برس سے صوبے میں پیپلز پارٹی کی حکومت ہے جو کہ کراچی کی تباہی کی اصل ذمہ دار ہے ،12برس میں سندھ ترقی کرنے کے بجائے پستی کی طرف چلا گیا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہر میں پانی کی تقسیم درست طریقے سے نہیں کی جارہی جس کی وجہ سے مسائل میں اضافہ ہورہا ہے ۔پورے کراچی سے 30فیصدبر آمدات سائٹ انڈسٹریل ایریا کی صنعتوں سے ہورہی ہیں جب کہ افسوس کی بات ہے کہ یہاں کے صنعتکاروں کو سہولیات میسر نہیں ہیں جو ملک کی معیشت کو چلانے اور ریونیو دینے میں اتنی مدد فراہم کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت بڑے پیمانے پر روزگار نہیں دے سکتی اس لئے پرائیویٹ سیکٹر کو کام کرنا ہوگا،این ایف سی کی مد میں اربوں روپے دیے جارہے ہیں ،وزیر اعلیٰ اکثر جھوٹ بولتے ہیں کہ پیسہ نہیں مل رہا۔