لاہور: پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں اوگرا، وفاقی حکومت سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے ۔ درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ غیر قانونی ہے، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کابینہ کی منظوری کے بغیر کیا گیا۔ گزشتہ روز وفاقی حکومت نے پٹرول کی قیمت میں 8 روپے 3 پیسے فی لٹر اضافہ کا نوٹیفکیشن جاری کیا، جس کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 145 روپے 82 پیسے فی لٹر کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 8 روپے 14 پیسے فی لٹر اضافے کے بعد نئی قیمت 142 روپے 62 پیسے فی لٹر مقرر کی گئی۔ خیال رہے کہ بدھ کی شام قوم سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے خبردار کیا تھا کہ ملک میں پیٹرول کی قیمتیں مزید بڑھانی پڑیں گی۔ وزیراعظم عمران نے کہا ہے کہ تین سے چار ماہ کے دوران تیل کی قیمتوں میں 100 فیصد اضافہ ہوا لیکن پاکستان میں تیل کی قیمت میں 33 فیصد اضافہ ہوا۔