ملازمین اور انکے اہل خانہ کی کفالت و فلاح و بہبود کیلئے موثر اقدامات کئے جارہے ملتان : ریجنل پولیس آفیسر ملتان وسیم احمد خان نے کہا ہے کہ جرائم کے خاتمے کیلئے اپنی جانیں داؤ پر لگانے والے پولیس ملازمین اور انکے اہل خانہ کی کفالت اور فلاح و بہبود کیلئے موثر اقدامات کئے جارہے ہیں، اس سلسلے میں ریجن بھر میں پولیس ویلفیئر برانچوں کو مکمل فعال کردیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ صحت کی سہولیات کی فراہمی کیلئے پولیس ملازمین کو میڈیکل الاؤنس اور انشورنس پالیسی بھی فراہم کی جارہی ہے ،اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکاروں کے علاج و معالجہ کیلئے نجی ہسپتالوں کوپولیس کے پینل میں شامل کیا جارہا ہے ۔ ویلفیئر برانچوں کو پولیس شہدا کی فیملیز سے مسلسل رابطہ رکھنے اور انکی کفالت کیلئے عملی اقدامات کرنے کا ٹاسک دیا گیا ہے تاکہ عوام اور محکمے کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے ان ہیروز کے اہل خانہ کسی قسم کی پریشانی کا شکار نہ ہو سکیں۔ پولیس اہلکاروں کے بچوں کیلئے سکالر شپ اور تعلیمی اخراجات سمیت دیگر سماجی سہولتوں کی فراہمی بھی یقینی بنائی جارہی ہے‘ ویلفیئر پالیسی کے تحت پولیس شہدا کے بچوں کو نوکریاں،حادثات کی صورت میں علاج و معالجہ اور پولیس ایمبولینس سمیت تمام سہولیات کا حصول بھی ون ونڈو کے ذریعے آسان بنادیا گیا ہے ۔