وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان کی ٹریفک کھلواتے ہوئے ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ وزیر جیل خانہ جات کے تصدیق شدہ فیس بک اکاؤنٹ پر 4 منٹ 45سیکنڈ کی ایک ویڈیو شیئر کی گئی ہے جس میں فیاض الحسن چوہان کو غیر معمولی طور پر گاڑی سے باہر ٹریفک کھلواتے دیکھا جاسکتا ہے۔ ٹریفک کھلوانے کے دوران فیاض چوہان عوام سے خوشگوار موڈ میں گفتگو کرتے اور ان کی باتوں کا جواب دیتے بھی دیکھے جاسکتے ہیں۔ ویڈیو میں صوبائی وزیر کی جانب سے کیپشن درج کرتے ہوئے اس اقدام کو ’ملنگ وزیر کا دبنگ اسٹائل‘ قرار دیا گیا۔ کیپشن میں درج تھا کہ آپ نے آج تک کبھی کسی وزیر کو ٹریفک وارڈن کا کام کرتے نہیں دیکھاہوگا، فیاض الحسن چوہان نے اپنے حلقے اور محلے کی عوامی سڑک پر وہ کام کردیا جسے دیکھ کر عوام دنگ رہ گئی۔