وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ پنجاب پولیس کی حفاظت میں فتنہ فساد مارچ ہورہا ہے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پنجاب پولیس کی حفاظت میں فتنہ فساد مارچ ہورہا ہے، مٹھی بھرلوگ گاڑی میں آتے ہیں اور ٹائر نکال کر آگ لگاتے ہیں، چند لوگ ٹریفک بلاک کرکے ویڈیوز بناتے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پورے ملک میں صرف چند ہزار لوگ ہیں جو احتجاج کے لئے نکلے ہیں، کروڑوں لوگ چند شرپسند احتجاجیوں کی وجہ سے رسوا ہورہے ہیں، عدالتوں سےگزارش ہے کل یہ ریلیف لینے آپ کے پاس آئیں گے اس کا نوٹس لیں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ ایسا نہ ہو پولیس ان کی حفاظت کر رہی ہے، وہ نہ کر پائے، ان فسادیوں کو خبردار کرتا ہوں کہ عوامی جذبات کی رپورٹس ہم تک پہنچ رہی ہیں، آج 2 ، 4 جگہوں پہر عوام نے اپنے جذبات ظاہر کئے ہیں، کل یہ 10،15 جگہوں پر ہوگی، اس لئے ہوش کے ناخن لیں۔ راناثنااللہ نے کہا کہ صوبائی حکومتیں چند احتجاجی مظاہرین کی حفاظت نہ کریں بلکہ ان کو بھگائیں، فوری طور پر قومی شاہراہوں اور موٹرویز کو کھلوائیں، ہم صوبائی حکومتوں کو ان کے آئینی کردار میں لے کر آئیں گے۔