دنیا بھر میں اس وقت کورونا کا علاج دریافت کرنے کیلئے ایک دوڑ لگی ہوئی ہے ایسے میں کورونا ایکپرٹس ایڈوائزری گروپ کی ہدایت پر پنجاب میں کورونا کے شکار مریضوں پر ٹوسیلی زوماب (Tocilizumab) نامی دوا کو ٹیسٹ کیا گیا ہے جس کے 80 سے 90 فیصد نتائج مثبت رہے۔ خوش قمستی سے اس دوا کا تجربہ ایسے وقت میں کامیاب ہوا جب پاکستان میں کورونا کے مریضوں میں ریکارڈ اضافہ دیکھنے میں آیا۔ پنجاب میں کورونا کے مریضوں کی صحتیابی کیلئے مختلف ادویات کے کلینیکل تجربات کیے گئے اور کورونا ایکسپرٹس ایڈوائزری گروپ کی جانب سے منظوری ملنے پر ایکسٹمبرا کے نام سے بننے والے ٹیکے کے استعمال کی اجازت دی گئی اس ٹیکے کا کیمیائی نام ٹوسیلی زوماب ہے۔ کورونا کے مریضوں میں اس وائرس کا حملہ پھیپھڑوں کو نقصان پہنچاتا ہے مگر مدافعتی نظام اس حملے کو ناکام بنانے کیلئے مریض کے جسم کو ہی نقصان پہنچا دیتا ہے یہ دوا اس مدافعتی نظام کی جوابی کارروائی کےخلاف ڈھال کی طرح کام کرتی ہے۔یہ دوا دراصل جوڑوں کی بیماری آرتھرائٹس میں استعمال ہوتی ہے۔ یہ بیماری بھی ایسی ہے جس میں مدافعتی نظام خود جسم کو نقصان پہنچانے پر تل جاتا ہے۔ اس ٹیکے کی قیمت 60 ہزار روپے ہے اور دوران علاج 2 ٹیکے ایک لاکھ 20 ہزار میں پڑتے ہیں۔ مگر ایڈوائزری گروپ کی ہدایت پر اس ٹیکے کی مارکیٹ میں فروخت پر پابندی لگادی گئی ہے اور سرکاری ہسپتالوں میں زیر علاج مریضوں کو یہ ٹیکہ مفت سرکاری خرچے پر لگایا جائے گا۔ پاکستان میں اس وقت کورونا کے مریضوں کی تعداد69 ہزار496 ہو چکی ہے۔ جبکہ اس مہلک وائرس سے ہونے والی اموات 1483 ہو گئی ہیں۔24 گھنٹے میں88 افراد جان کی بازی ہار چکے جبکہ 3039 نئے کورونا متاثرین بھی سامنے آئے ہیں۔