پنجاب میں تیز آندھی اور بارش نے تباہی مچا دی، 2 جانیں ضائع
شائع شدہ تاریخ 02 جولائی, 2026
صوبے کے مختلف اضلاع میں دیواریں، چھتیں اور بل بورڈ گرنے کے متعدد واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔ترجمان ریسکیو پنجاب فاروق احمد کے مطابق سب سے زیادہ نقصان اٹک میں ہوا، جہاں نیا پمپ کے قریب تیز آندھی اور بارش کے باعث ایک دیوار گرنے سے 2 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ 3 افراد شدید زخمی ہوئے۔
اس کے علاوہ اٹک کے ہی علاقے پارا شاہین باغ میں ایک گھر کی چھت گرنے سے مزید 3 افراد زخمی ہو گئے۔دیگر اضلاع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق خوشاب کے علاقے قائد آباد میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص زخمی ہوا۔
پنجاب میں موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ کب تک جاری رہے گا؟
جبکہ سرگودھا میں تیز آندھی کے باعث ایک بڑا سائن بورڈ گرنے سے ایک شہری زخمی ہو گیا۔ اسی طرح شیخوپورہ میں چک رسالہ روڈ پر لکڑی کی بنی ہوئی ایک چھت گرنے کے واقعے میں ایک شخص زخمی ہوا۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ تمام حادثات کے فوری بعد امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر شدید زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور انہیں قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا ہے۔
ترجمان ریسکیو نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ خراب موسم کے دوران محتاط رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں فوری طور پر ریسکیو ہیلپ لائن 1122 پر رابطہ کریں۔