پنجاب حکومت نے وفاقی حکومت کے توانائی بچت پلان کو مسترد کردیا جبکہ خیبرپختونخوا حکومت اوقات کار کے حوالے تاحال کوئی فیصلہ نہ کرسکی۔ سینئر صوبائی وزیر پنجاب میاں اسلم اقبال کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت مارکیٹیوں کے اوقات کا فیصلہ خود کرے گی۔ وفاقی حکومت عجلت میں فیصلے کررہی ہے۔ ملک میں بے روزگاری میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ ان تمام چیزوں کو دیکھتے ہوئے قدم اٹھائیں گے۔ دوسری جانب اوقات کار میں تبدیلی سے متعلق خیبرپختونخوا حکومت تا حال کوئی فیصلہ نہ کرسکی۔ ترجمان خیبرپختونخوا حکومت بیرسٹرسیف کا کہنا ہے کہ توانائی بچت کے حوالے سے وفاقی حکومت نے ہم سے باضابط مشاورت نہیں کی۔ خیال رہے کہ وفاقی حکومت نے بڑا اعلان کرتے ہوئے پاکستان بھر میں بجلی کے استعمال میں کمی لاتے ہوئے مارکیٹیں ساڑھے 8 بجے بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اسلام آباد میں منگل 3 جنوری کو وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد وفاقی وزرا کی جانب سے مشترکا پریس کانفرنس میں اجلاس سے متعلق میڈیا کو آگاہ کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے دفاع خواجہ آصف نے بتایا کہ آج ہونے والے کابینہ اجلاس میں توانائی پالیسی کی منظوری دی گئی ہے۔ پالیسی کے تحت وفاقی اداروں میں بجلی کے استعمال میں 30 فیصد کمی لائی جائے گی۔