لاہور:پنجاب اسمبلی کے ممبران نے نجی قرض پر سود کی پابندی کا بل متفقہ طورپر منظور کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ممبر صوبائی اسمبلی خدیجہ عمر نے ''دی پنجاب پروہیبٹیشن آف انٹرسٹ آن پرائیویٹ لون بل 2022ء پیش کیا جسے متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی نے بل کی منظوری کے بعد صوبائی اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نجی طور پر سود کے کاروبار پر پابندی لگا رہے ہیں، یہ کاروبار ایک لعنت ہے۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ دینی تعلیم کی مانیٹرنگ کا سلسلہ شروع کرنے پر ہائی کورٹ کا شکریہ ادا کرتا ہوں،سول ججز متعلقہ سکولوں میں جاکردینی تعلیم کی تحصیل کا جائزہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سود کے کاروبارپرپابندی کا کریڈٹ پورے ایوان اورخاص طورپرقائد عمران خان کو جاتا ہے، سود کا کاروبار کرنے والے روزقیامت کالے منہ کے ساتھ اٹھائے جائیں گے۔