تازہ ترین

پرویز الٰہی کو وزیر اعلیٰ بنانے کا فیصلہ، عمران خان آج لاہور پہنچیں گے

پرویز-الٰہی-کو-وزیر-اعلیٰ-بنانے-کا-فیصلہ،-عمران-خان-آج-لاہور-پہنچیں-گے

اسلام آباد: پی ٹی آئی کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے پرویز الٰہی کو وزیر اعلیٰ پنجاب بنانے کا فیصلہ کر لیا، عمران خان آج لاہور پہنچیں گے اور اراکینِ اسمبلی سے خطاب کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق عمران خان آج لاہور میں پارلیمانی پارٹی کے مشترکہ اجلاس کی صدارت کریں گے۔ سابق وزیر اعظم مسلم لیگ (ق) کے اراکینِ اسمبلی سے خطاب بھی کریں گے۔ تمام اراکین کو پی ٹی آئی کی جانب سے اجلاس میں شرکت کی دعوت دے دی گئی۔ پنجاب میں وزیر اعلیٰ کے انتخاب سے قبل حکومت اور اپوزیشن کے اراکین کو ہوٹلز میں ٹھہرایا گیا ہے۔ پی ٹی آئی کے 160 سے زائد اراکین اسمبلی مال روڈ پر واقع ہوٹل پہنچ گئے۔ دیگر اراکینِ پنجاب اسمبلی کو بھی آج ہوٹل پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ آج ہونے والے مشترکہ اجلاس میں تحریکِ انصاف اور ق لیگ کے اراکین کی حتمی تعداد بھی سامنے آنے کا امکان ہے۔ پی ٹی آئی رہنما و اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی سبطین خان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پی ٹی آئی اور اتحادی اراکینِ اسمبلی 187 ہیں۔ حکومت کے اوچھے ہتھکنڈے شرمندگی کا سبب بن جائیں گے۔ یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے وزیر اعلیٰ پنجاب کا انتخاب 22 جولائی کو کرانے کا حکم دیا تھا۔ پی ٹی آئی نے وزیر اعلیٰ حمزہ شہباز کے مقابلے میں ق لیگ کے چوہدری پرویز الٰہی کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ سابق وزیر اعلیٰ عثمان بزدار عمران خان کی ہدایت پر مستعفی ہوئے تھے۔ 

زیادہ پڑھی جانےوالی خبریں