رواں ماہ قومی ائیر لائن (پی آئی اے) کے ہیڈ پرسر (چیف فلائٹ اٹینڈنٹ) کی دوران پرواز روتے ہوئے بچے کو سینے سے لگا کر چپ کرانے کی وائرل تصاویر نے جہاں ہر پاکستانی کا دل جیتا وہیں اب انہیں عالمی ادارے اقوام متحدہ کی جانب سے بھی ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔ پی آئی اے کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی گئی جس میں بتایا گیا ہےکہ توحید داؤد پوتہ کو یو این وویمن کی جانب سے ایک اعزاز سے نواز گیا ہے ۔ https://twitter.com/Official_PIA/status/1374014795586883591 توحید داؤد پوتہ کو ایوارڈ سے نوازے جانے کی تقریب میں پی آئی اے کے اعلیٰ عہدیداران نے بھی شرکت کی۔ ویڈیو میں توحید داؤد پوتہ کو یواین وویمن پاکستان کی خاتون ممبر کی جانب سے ایوارڈ لیتے دیکھا جاسکتا ہے۔ ٹوئٹ کے مطابق توحید داؤد پوتہ کو خواتین کا احساس ،صنف سے ہمدردری، عزت اور ان کے خیال کرنے پر اس اعزاز سے نوازا گیا ہے۔ خیال رہے کہ توحید داؤد پوتہ کی روتے بچے کو سینے سے لگاکر چپ کراتی تصاویر پاکستانی گلوکار و اداکار فخر عالم نے ٹوئٹر پر پوسٹ کے ہمراہ شیئر کی تھی۔