بھارت میں عبادت گاہوں پر حملوں کیخلاف دنیا کی خاموشی افسوسناک ، قاری تصور الحق اسلام آ باد : جمعیت علماء برطانیہ کے جنرل سیکرٹری مولاناقاری تصور الحق نے کہاہے کہ پاکستان کو عظیم ملک بنانے کیلئے تمام مذاہب و مکاتب فکر کی قیادت کو متحد ہوکر جدوجہد کرنا ہوگی،بھارت میں مساجد ، چرچ اور دیگر اقلیتوں کی عبادت گاہوں پر حملے ہورہے ہیں ،عالمی برادری کی خاموشی افسوسناک ہے ۔ پاکستان علماء کونسل ہر سطح پر بین المذاہب و بین المسالک مکالمہ اور ہم آہنگی کیلئے کوشاں ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے اعزاز میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، تقریب میں حافظ طاہر محمود اشرفی ، مولانا ضیاء اللہ شاہ بخاری ، مولانا محمد خان لغاری ، مولانا پیر اسد اللہ فاروق و دیگر بھی موجود تھے ۔پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتیں محفوظ ہیں اور ہمارے دینی ادارے پہلے کی نسبت زیادہ آزادی کے ساتھ کام کررہے ہیں۔ پاکستان میں 30ہزارمدارس کام کر رہے ہیں، 70سالہ تاریخ میں پہلی بار مدارس کو وزارت صنعت کی بجائے محکمہ تعلیم کے ساتھ منسلک کیاگیا، نصاب کے حوالے سے کوئی قدغن نہیں لگائی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کی انتہا پسند مودی سرکار بھارت کی سرزمین کو اقلیتوں ، خاص طور پر مسلمانوں کیلئے تنگ کرنے پر تلی ہوئی ہے ۔ عالمی برادری بھارت کے ان جارحانہ اقدامات کے سدباب کیلئے اپنا کردار ادا کرے ۔