پاکستان کے نئے سفیر ڈاکٹر فیصل جرمنی پہنچ گئے
شائع شدہ تاریخ 28 اپریل, 2020
یورپ کی سب سے بڑی معیشت اور آبادی کے اعتبار سے سب سے بڑے ملک جرمنی میں پاکستان کے نئے سفیر ڈاکٹر محمد فیصل جرمنی کے شہر فرینکفرٹ پہنچ چکے ہیں۔ سفارت خانے کے مطابق ڈاکٹر فیصل بدھ29 اپریل سے دارالحکومت برلن میں ایمبیسی میں اپنے فرائض سر انجام دینا شروع کریں گے۔جرمنی میں سفیر پاکستان کے عہدے سے قبل ڈاکٹر فیصل وزارت خارجہ کے ترجمان اور جنوبی ایشیا و سارک تنظیم کے ڈائریکٹر جنرل کے عہدے پر فائز تھے۔ جرمنی میں پاکستان کے سابق سفیر جوہر سلیم کو اٹلی میں بطور سفیر مقرر کر دیا گیا ہے۔ جوہر سلیم اٹلی میں سفارتی ذمہ داریاں سنبھالنے کے لیے گزشتہ روز برلن سے اٹلی کے لیے روانہ ہو چکے ہیں۔دوسری جانب قونصلیٹ جنرل فرینکفرٹ میں بحیثیت کونسل جنرل آف پاکستان زاہد حسین تعینات ہو چکے ہیں۔ زائد حسین اس سے پہلے ہنگری کے دارالحکومت بداپیسٹ میں منسٹر کے عہدے ہر فائز تھے۔ ان کی بھی جرمنی میں آمد جلد متوقع ہے۔