اسلام آباد:ترجمان دفتر خارجہ نے بھارتی ڈویزئیر کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈوزیئر کا مواد غلط معلومات اور جعلی دعوؤں کی بنیاد پر تیار کیا گیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف ڈویزئیر کے اجرا پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈوزیئر کا مواد غلط معلومات پر تیار کیا گیا ہے جس کا مقصد بھارت کی مقبوضہ کشمیرمیں جاری ریاستی دہشت گردی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے دنیاکی توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔ دفتر خارجہ نے جاری بیان میں کہا کہ حالیہ دنوں میں مقبوضہ کشمیر، ادھے پور اور دیگر مقامات پر تشدد کرنے والوں کے بی جے پی سے روابط کا پتہ چلا ہے، پاکستان نے مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے ناقابل تردید ثبوت دنیا کے ساتھ پیش کیے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے واضح کیا کہ پاکستان پر دہشت گردی کے بے بنیاد الزامات لگانے کی بھارتی سازشیں بے نقاب ہو رہی ہیں، ہم نے ہندوستان کی پاکستان میں دہشت گردی کی سرگرمیوں کی منصوبہ بندی کو دستاویزی شکل دی، جس کے جواب میں بھارت نے اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کے بجائے فرضی اکاوٴنٹس پیش کیے۔