اسلام آباد : پاکستان نے افغانستان نائب صدر امر اللہ صالح کے الزامات سختی سے مسترد کر دئیے۔ ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چودھری نے اپنے بیان میں کہا کہ افغانستان نے چمن بارڈر کے دوسری جانب ایئر آپریشن سے متعلق آگاہ کیا تھا جس پر پاکستان نے مثبت جواب دیتے ہوئے کارروائی کو افغانستان کا حق قرار دیا تھا۔ پاک فضائیہ نے اس حوالے سے افغان فضائیہ کے ساتھ کسی قسم کی پیغام رسانی نہیں کی ۔ افغان نائب صدر کےالزامات درست نہیں ، الزامات مسئلہ کے حل کیلئے پاکستان کی سنجیدہ کوششوں سے انحراف کے مترادف ہے۔ ترجمان نے کہا کہ خودمختار افغان سرزمین پر کسی بھی ایکشن کیلئے خود افغان حکومت کے حق کو جائز تصور کرتے ہیں ۔ پاکستان نے فرار ہو کر آنے والے 40 اے این ڈی ایس کے افسران اور جوانوں کو ریسکیو کر کے افغان حکومت کے حوالے کیا۔ پاکستان نے ہر قسم کی لاجسٹک مدد فراہم کرنے کی پیشکش بھی کی۔