وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاسپورٹ کی معیاد 10 سال اور فیس آدھی کی جارہی ہے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر پاسپورٹ کی معیاد 10 سال اور فیس آدھی کی جارہی ہے۔ اگلے سال سے ای پاسپورٹ کا اجرا شروع ہوجائےگا۔ انھوں نے بتایا کہ جعلی آئی ڈی کارڈ پر بھی بڑا ایکشن لینے جارہے ہیں۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ جو بیماری کا بہانہ بنا کر باہر گئے ہیں ان کو بھی نئی سہولت سے پاسپورٹ مل سکے گا تاہم یہ فیصلہ کیا ہے جو لوگ فارن مشن پر آٹھ، دس سال سے باہر گئے ہیں اور واپس نہیں آرہے انہیں آج سے نوکری سے برخاست کیا جائے گا۔ جو ملک کی بدنامی کا باعث بنے گا اس پر سختی سے ہاتھ ڈالاجائے گا۔ وزیرداخلہ نے گلگت بلتستان کے سابق چیف جج کے حوالے سے بتایا کہ رانا شمیم کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کیلئے میٹنگ ہوگی اور ابھی ان کا نام صرف پی این ایل آئی پر ڈالا ہے۔ اپوزیشن سے متعلق شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم سے کہنا چاہتا ہوں کہ 23 مارچ کے بجائے 30 مارچ کو آئیں اور اپوزیشن اتحاد نے کمپنی کی مشہوری کےلیے 4 مہینے کا وقت دیا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ہمیں نیشنل ایکشن پروگرام پر زور دینا ہے اور ملک کوبدنام کرنے اور بحران پیدا کرنے والوں پر ہاتھ ڈالاجائے گا۔ شیخ رشید احمد نے یہ بھی بتایا کہ تمام بارڈرز بہتر طور پر چل رہے ہیں۔نئے ڈی جی آئی ایس آئی بہت صلاحیتوں کے مالک ہیں۔ انھوں نے تسلیم کیا کہ اسلام آباد میں پولیس کی نفری کم ہے اور اس کی تعداد 2 ہزار اہلکاروں تک بڑھائیں گے