اسلام آباد : پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس آج اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت ہوگا۔ اجلاس میں قانون سازی کے ساتھ ساتھ کشمیریوں سے یکجہتی اور بھارتی مظالم کے خلاف قرارداد بھی پیش کی جائے گی۔ آج سہ پہرتین بجے ہونے والے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری پانچ فروری یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے قرارداد پیش کریں گے۔ مشترکہ اجلاس میں کشمیریوں پر بھارتی مظالم کی مذمت میں قرارداد کی منظوری دی جائے گی۔ مشترکہ اجلاس میں والدین کے تحفظ کا بل دو ہزار بائیس قانون سازی کے لئے پیش کیا جائے گا۔ اسلام آباد میں مقامی حکومت ایکٹ میں ترمیم کی منظوری بھی دی جائے گی۔ ترمیم کا مقصد اسلام آباد میں یونین کونسل کی تعداد میں اضافہ اور میئر اور ڈپٹی میئر کا براہ راست انتخاب کرانا ہے۔ اجلاس میں وفاقی وزیر مرتضٰی جاوید عباسی ملک کی معاشی صورتحال جموں و کشمیر، قومی اداروں کی تکریم پر بحث کی قرارداد پیش کریں گے۔ سی پیک، تیزی سے بڑھتی آبادی، موسمیاتی تبدیلی کے اثرات اور خارجہ پالیسی پر بحث کی قرار داد بھی پیش کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی و امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوگا۔