ٹی 20 ورلڈکپ میں سری لنکا کو کیویز کے ہاتھوں بھاری شکست، پاکستان کی مشکلات بڑھ گئیں

شائع شدہ تاریخ 26 فروری, 2026
ٹی-20-ورلڈکپ-میں-سری-لنکا-کو-کیویز-کے-ہاتھوں-بھاری-شکست،-پاکستان-کی-مشکلات-بڑھ-گئیں

کولمبو میں کھیلے گئے سپر 8 مرحلے میں  سری لنکا نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ نیوزی لینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹ پر 168 رنز بنائے۔

کیویز کی جانب سے مچل سینٹنر 47 اور میکونچی 31 رنز بناکر نمایاں رہے۔

ہدف کے جواب میں سری لنکن ٹیم مقررہ اوورز میں 8 وکٹ پرصرف 107 رنز بناسکی۔ یوں کیویز نے 61 رنز سے کامیابی حاصل کرلی۔

مسلسل دو شکست کے بعد سری لنکن ٹیم سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگئی اور ساتھ ہی  پاکستان کا سیمی فائنل میں پہنچنا مزید مشکل ہوگیا۔

 سری لنکا کے خلاف فتح کے بعد نیوزی لینڈ کا رن ریٹ پلس3.05 ہوگیا جبکہ پاکستان کا رن ریٹ مائنس 0.46 ہے۔

نیوزی لینڈ گروپ میں آخری میچ جمعہ کو انگلینڈ کے خلاف کھیلے گی جبکہ  پاکستان اپنا آخری میچ ہفتے کو سری لنکا کے خلاف کھیلے گا۔

نیوزی لینڈ ٹیم انگلینڈ سے میچ ہاری تو پاکستان کا کچھ چانس باقی رہے گا۔

انگلینڈ کے ہاتھوں نیوزی لینڈ کی شکست کے بعد بھی پاکستان کو سری لنکا سے بڑے مارجن سے میچ جیتنا ہوگا۔

اگر نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کو شکست دے دی تو پاکستان ٹیم سری لنکا کے میچ سے قبل ہی سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوجائے گی۔

واضح رہے کہ اس گروپ سے انگلینڈ پہلے ہی سیمی فائنل میں کوالیفائی کر چکی ہے۔