آج کے دور میں ٹیکنالوجی کا بڑھتا ہوا استعمال کسی بھی طرح اسلامی تعلیمات کی نفی نہیں کرتاصدر محمد علی جناح یونیورسٹی کا جامعہ کراچی میں غیر ملکی مندوبین کے اعزاز میں عشائیہ سے خطاب کراچی : محمد علی جناح یونیورسٹی کے صدر پروفیسر ڈاکٹر زبیر شیخ نے کہا ہے کہ ٹیکنالوجی اور روحانیت کے موضوع پر کام کرنے کی ضرورت ہے، وہ خود بھی اس موضوع پر کام کررہے ہیں کیونکہ آج کے دور میں ٹیکنالوجی کا بڑھتا ہوا استعمال کسی بھی طرح اسلامی تعلیمات کی نفی نہیں کرتا، جبکہ جدید سائنس میں بھی مذہب کی اہمیت کو تسلیم کرلیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار نے انہوں نے گزشتہ شام یونیورسٹی کیمپس جامعہ کراچی میں ’’تعلیمات رسالت: امن، بقائے باہمی اور مفاہمت‘‘ کے عنوان پر منعقد ہونے والی دو روزہ بین الاقوامی سیرت کانفرنس کے غیر ملکی مندوبین کے اعزاز میں دیئے جانے والے عشائیے کے موقع پر کیا۔ عشائیے سے جن اسکالرز نے خطاب کیا ان میں آیون ڈرا (رومانیہ)، پروفیسر ڈاکٹر مائیکل والکو(سلواکیہ)، ڈاکٹر شبیر احمد (آسٹریلیا)، پروفیسر بشریٰ اقبال (جرمنی)، مرینہ رخسانہ (رومانیہ) اور جامعہ کراچی کی سیرت چیئر کے ڈین ڈاکٹر عزیز الرحمن سیفی شامل تھے۔ اس موقع پر خطاب میں ڈاکٹر زبیر شیخ نے مزید کہا کہ نبی کریم ؐ کی ذات مبارکہ دنیا کے تمام لوگوں کے لئے ایک نمونہ ہے، ہمارے اعتقاد کی بنیاد اپنے رب پر بھروسہ کرنا ہے کیونکہ ہمارے پیارے نبیؐ کو اپنے اﷲ پر پورا بھروسہ تھا جو کہ یقین سے بھی زیادہ کہیں بلند چیز ہے مگرآج کے دور میں ہم دیکھتے ہیں کہ ہم میں اپنے رب پر بھروسہ کرنے کے جذبے کا فقدان ہے اور اسی وجہ سے ہم بے یقینی کا شکار ہیں۔