سرفراز کو ون ڈے ،ٹی ٹونٹی کپتان برقرار رکھے جانیکاا مکان،مکی آرتھر کو بھی ورلڈ ٹی ٹونٹی2020ءتک توسیع مل سکتی ہے لاہور قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کی ٹیسٹ کپتانی خطرے میں پڑ گئی ، پی سی بی تھنک ٹینک نے وکٹ کیپر کے متبادل کے طور پر نئے کپتان کا فیصلہ بھی کر لیا ہے۔ورلڈ کپ 2019 ءمیں 5ویں پوزیشن پر ٹورنامنٹ ختم کرنےوالی قومی ٹیم کے وکٹ کیپر کپتان سرفراز احمد نے 7جولائی کو پریس کانفرنس میں دو ٹوک الفاظ میں کہا تھا کہ وہ کپتانی سے کسی طور بھی علیحدہ نہیں ہوں گے بلکہ پاکستان کرکٹ بورڈ ہی انکے مستقبل کے بارے میں فیصلہ کرےگا۔32 سالہ سرفراز احمد نے 13 ٹیسٹ میچوں میں قومی ٹیم کی قیادت کی ،انکی کپتانی میں قومی ٹیم نے 4 ٹیسٹ جیتے اور 8 میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اطلاعات ہیں کہ آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ سے قبل بورڈ نے تینوں فارمیٹس کے کپتان سے ٹیسٹ قیادت واپس لینے کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے،2 اگست کو لاہور میں کرکٹ کمیٹی کے اجلاس میں اس بارے میں مزید فیصلہ ہوگا ۔ذرائع کے مطابق ٹیسٹ کرکٹ میں سرفراز احمد کے متبادل کے طور پر نائب کپتان اسد شفیق کو کپتان بنانے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے بلکہ سابق ون ڈے کپتان اظہر علی کے نام پر غور کیا جارہا ہے ۔ذرائع کے مطابق سرفرا ز احمد کو ون ڈے اور ٹی ٹونٹی فارمیٹ کا کپتان برقرار رکھے جانے کا امکان ہے ،پی سی بیحکام قومی ٹیم کے ہیڈ کو چ مکی آرتھر کی کاکردگی سے بھی مطمئن ہے اور انہیں بھی ورلڈ ٹی ٹونٹی 2020ءتک برقرا ررکھا جاسکتا ہے۔