حکومت ایسے اداروں کی حوصلہ افزائی کرے:سعادت شاہ، محمد عبداللہ و دیگر کا خطاب راولپنڈی : ہولی ہیلپ ویلفیئرسکول سسٹم کی سالانہ تقریب، بچوں نے ٹیبلو اور رنگا رنگ پروگرام پیش کیے ، پوزیشن ہولڈر طلبہ میں انعام اور سرٹیفکیٹ تقسیم کیے گئے ۔ کشمیر میں مظالم اور کشمیر کو آزاد کرانے کے بارے میں ایونٹ نے شرکا کے دل موہ لیے۔ مہمان خصوصی پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما سید سعادت حسین شاہ تھے ، تحریک انصاف کی رہنما ڈاکٹر نازیہ نیاز، شمائلہ حیدر، سماجی رہنما ملک عبدالصبور ، کرنل ظفر اور محمد اصغر نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر مقررین کا کہنا تھا کہ ہولی ہیلپ ٹرسٹ کی نادار بچوں کو تعلیم دینے کیلئے کاوشیں لائق تحسین ہیں، حکومت ایسے اداروں کی حوصلہ افزائی کرے۔ چیئرمین محمد عبداللہ کا کہنا تھا کہ سکول میں اڑھائی سو سے زائد یتیم اور ضرورت مند بچے زیر تعلیم ہیں، ہم انھیں تعلیم دے کر مفید انسان بنانا چاہتے ہیں۔