لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے نو منتخب باﺅلنگ کوچ اور ماضی کے عظیم ٹیسٹ فاسٹ باﺅلر وقار یونس بہت جلد اپنے اہل خانہ کے ساتھ سڈنی سے لاہور منتقل ہوجائیں گے جنہیں پی سی بی نے 20 لاکھ روپے ماہانہ کا پرکشش پیکیج دیا ہے۔ پی سی بی ذرائع کے مطابق وقار یونس کو مصباح الحق کی طرح ابھی تک پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں کوچنگ کی اجازت نہیں دی گئی ہے۔ وقار یونس گزشتہ پی ایس ایل میں اسلام آباد یونائیٹڈ سے منسلک تھے اور ان کی موجودگی میںاسلام آباد نے پی ایس ایل ٹرافی بھی جیتی تھی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مصباح الحق آئندہ پی ایس ایل میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی کوچنگ کریں گے جبکہ وقار یونس نے پی ایس ایل سے متعلق ابھی بورڈ سے اجازت نہیں مانگی ہے۔ ذرائع کے مطابق وقار یونس پاکستانی کرکٹ ٹیم کے باﺅلرز کے علاوہ قومی اکیڈمی میں کام کریں گے اور ڈومیسٹک میچوں میں بھی جائیں گے جس دوران وہ نوجوان ٹیلنٹ کو تلاش کریں گے جہاں ان پر قومی اکیڈمی میں مزید کام کیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وقار یونس نے کمنٹری کے اسائنمنٹ چھوڑ کر پاکستانی باﺅلرز کے ساتھ کام کرنے کو ترجیح دی ہے اور وہ کئی سالوں سے سڈنی میں رہتے ہیں لیکن پی سی بی کیساتھ معاہدہ ہونے کے بعد اب وہ اپنی اہلیہ ڈاکٹر فریال، دو بیٹیوں اور بیٹے کیساتھ مستقل طور پر لاہور منتقل ہو رہے ہیں۔