لاہور:قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور فاسٹ باؤلر وقار یونس کو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) ہال آف فیم میں باضابطہ طور پر شامل کردیا گیا۔ پی سی بی ذرائع کے مطابق وقار یونس نے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تیسرے ٹیسٹ کے تیسرے روز کے کھیل کے دوران اعزادی کیپ اور پلاک وصول کرلیا۔ وقار یونس نے پاکستان کی جانب سے 87 ٹیسٹ میچ کھیلے اور 373 اور 262 ایک روزہ میچوں میں 416 وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں 5 ٹیموں کے خلاف 50 سے زائد وکٹیں حاصل کیں، جن میں نیوزی لینڈ کے خلاف 70، زمبابوے کے خلاف 62، سری لنکا کے خلاف 56، ویسٹ انڈیز کے خلاف 55 اور انگلینڈ کے خلاف 50 وکٹیں شامل ہیں۔ وقار یونس نے ون ڈے میچوں میں نیوزی لینڈ کے خلاف 79، ویسٹ انڈیز کے خلاف 60، جنوبی افریقہ کے خلاف 58، بھارت کے خلاف 37، آسٹریلیا کے خلاف 29 اور زمبابوے کے خلاف 23 وکٹیں حاصل کیں۔ قذافی اسٹیڈیم میں انہوں نے 7 ٹیسٹ میچ کھیلے اور 29 وکٹیں حاصل کیں اور اکتوبر 1990 میں نیوزی لینڈ کے خلاف 86 رنز دے کر 7 وکٹیں بہترین کارکردگی تھی۔ انہوں نے اسی اسٹیڈیم میں 12 ایک روزہ میچوں میں 14 وکٹیں بھی حاصل کی ہیں، جس میں ورلڈ کپ 1996 کے میچ میں نیدرلینڈز کے خلاف 26 رنز کے عوض 4 وکٹیں بہترین کارکردگی تھی۔